حکومت کا لواحقین سے رابطے کا دعویٰ جھوٹا نکلا

حکومت نے ہم سے کسی قسم کا رابطہ نہیں کیا،غلط بیانی سے کام لیا جارہا ہے،خلیل کے اہلخانہ

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 21 جنوری 2019 22:22

حکومت کا لواحقین سے رابطے کا دعویٰ جھوٹا نکلا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جنوری2019ء) حکومت کا لواحقین سے رابطے کا دعویٰ جھوٹا نکلا۔خلیل کے بھائی کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہم سے کسی قسم کا رابطہ نہیں کیا،حکومت کی جانب سے مسلسل غلط بیانی سے کام لیا جارہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ساہیوال میں جاں بحق اور قتل ہونے والے افراد کے اہل خانہ حکومت سے انصاف کی امید لگائے بیٹھے ہیں جبکہ حکومت اس سارے معاملے پر پوائنٹ اسکورنگ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

حکومت کی جانب سے کہا گیا تھا تھا کہ انہوں نے مقتولین کے لواحقین سے رابطی کیا ہے جبکہ مقتول خلیل کے بھائی نے اس دعوے کو سرسر جھوٹا قرار دے دیا ساہیوال میں سی ٹی ڈی کے ہاتھوں جاں بحق ہونے والے خلیل کے بھائی جلیل نے کہا ہے کہ حکومت نے ان سے مالی امداد کیلئے کوئی رابطہ نہیں کیا، حکومت نے ہمارے پیاروں کی یہ قیمت لگائی ہے ، ہم سے ڈھائی کروڑ لے لیں اور ہمیں ہمارے پیارے واپس لا دیں ۔

(جاری ہے)

جلیل نے گود میں اٹھائی ہوئی اپنے بھائی خلیل کی بیٹی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ دہشتگرد ہیں ، دہشتگرد بچوں کے ساتھ سفر کرتے ہیں ۔دہشتگردی تو ہمارے ساتھ ہوئی ہے اور ہمیں لوٹا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں انصاف چاہیے ، ہم سے ڈھائی کروڑ لے لیں ہمارے پیارے واپس لا دیں۔ ہم انصا ف کے لئے آخری حد تک جائیں گے ، انصاف نہ ملا تو بچوں سمیت خود کشی کر لوں گا۔