شہباز شریف کا نواز شریف کی جیل میں طبیعت کی خرابی کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار

نواز شریف کو جیل سے ہسپتال منتقل کرنے کی اطلاعات پر سخت تشویش ہے،طبی معائنہ کرنے والے دو میڈیکل بورڈز کی رپورٹس اہل خانہ اور ذاتی معالجین کو فی الفور فراہم کی جائیں،قائد حزب اختلاف

پیر 21 جنوری 2019 22:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جنوری2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے محمد نواز شریف کی جیل میں طبیعت کی خرابی کی اطلاعات پر تشویش کا اظہارکیا ہے۔ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف کو جیل سے ہسپتال منتقل کرنے کی اطلاعات ملی ہیں جن پر سخت تشویش ہے۔ جیل حکام کی جانب سے محمد نواز شریف کا طبی معائنہ کرنے والے دو میڈیکل بورڈز کی رپورٹس اہل خانہ اور ذاتی معالجین کو فی الفور فراہم کی جائیں ۔

محمد نوازشریف کے علاج معالجہ کے لیے ضروری انتظامات بلاتاخیر کئے جائیں۔ دریں اثناء مسلم لیگ (ن)کی مرکزی رہنمامریم نواز نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ مجھے بتایاگیا ہے کہ میاں نوازشریف کی طبیعت ٹھیک نہیں ۔ انہیں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈ یالوجی (پی آئی سی)منتقل کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

مریم نواز کا کہنا ہے کہ تاہم مجھے یا ہمارے خاندان کو اس بارے میں کچھ معلوم نہیں ہے۔

ہمیں ابھی تک میڈیکل بورڈز کی طرف سے مرتب کر دہ رپورٹ بھی نہیں ملیں۔ جیل حکام سے رابطے کے بعد ہم نے محکمہ داخلہ سے بھی تحریری طورپر رابطہ کیا ہے۔ دوسری جانب سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی صحت کے معاملہ پر نوازشریف کے معالج ڈاکٹر عدنان نے سیکرٹری ہیلتھ کو احتجاجی خط لکھا ہے۔ خط کے متن میں ڈاکٹر عدنان نے کہا ہے کہ میڈیکل بورڈ کی جانب سے نوازشریف کے طبی معائنے کی رپورٹ نہیں دی جا رہی۔نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ نہ ملنے سے انکی صحت کوشدیدخطرات لاحق ہو سکتے ہیں ۔سابق وزیر اعظم کے طبی معائنے کی رپورٹ جلد از جلد فراہم کی جائے۔