طالبان کا افغان انٹیلی جنس بیس پر حملہ، 126 اہلکار ہلاک

طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ملٹری بیس پر حملے کی ذمہ داری قبول کر لی۔

پیر 21 جنوری 2019 22:40

طالبان کا افغان انٹیلی جنس بیس پر حملہ، 126 اہلکار ہلاک
کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جنوری2019ء) طالبان نے افغان انٹیلی جنس ایجنسی کی بیس پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 126 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان کے مشرقی صوبہ وردک میں طالبان نے انٹیلی جنس کی بیس پر صبح سویرے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر فوج کے 12 اہلکاروں کی ہلاکت اور 30 سے زائد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ملیں۔

بعد ازاں افغان حکام نے بتایا کہ حملے میں کم از کم 126 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔طالبان نے افغان انٹیلی جنس کی اٴْس بیس کو نشانہ بنایا جہاں پولیس اہلکاروں کو بھی تربیت دی جاتی تھی۔وزارت داخلہ کے نائب ترجمان نصرت رحیمی کے مطابق کار میں سوار خود کش بمبار نے ملٹری بیس کے مرکزی دروازے کے قریب گاڑی کو دھماکا خیز مواد سے اڑایا جس کے بعد دیگر دو حملہ آوروں نے اہلکاروں پر فائرنگ کی۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں دونوں حملہ آور مارے گئے تاہم انہوں نے طالبان کے حملے میں مارے جانے والے اہلکاروں کی تعداد کے بارے میں نہیں بتایا۔دوسری جانب طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے انٹیلی جنس بیس پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ سلیم اصغر خیل نے کہا کہ حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے جب کہ تشویشناک حالت میں مبتلا زخمیوں کو علاج کیلیے کابل منتقل کیا گیا ہے۔