سندھ کے ڈیلٹاکو تباہ کرکے مقامی لوگوں کو نقل مکانی پر مجبورکیاجارہاہے، سینیٹر سسی پلیجو

پیر 21 جنوری 2019 22:40

سجاول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2019ء) سینیٹر سسئی پلیجونے کہاہے کہ سندہ کے ڈیلٹاکو تباہ کرکے مقامی لوگوں کو نقل مکانی پر مجبورکیاجارہاہے، سجاول میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سندہ میں پانی کی قلت کاحل پانی کی منصفانہ تقسیم ہے، کوٹری ڈائون اسٹریم میں پانی مطلوبہ مقدار میں نہ چھوڑنے سے ڈیلٹا بری طرح متاثرہے، جبکہ سمندر نے ساحلی اضلاع کی لاکھوں ایکڑزمین نگل لی ہے، وفاق کو اس ضمن میں سنجیدہ اقدامات اٹھانے ہوں گے، انہوں نے کہاکہ ساحلی اضلاع میں تیل اور گیس کے بہت بڑے ذخائر دریافت ہوئے ہیں اور ان سے ملکی ضرورت پوری ہوسکتی ہے تاہم سندہ کے جن اضلاع میں یہ ڈخائرملے ہیں وہاں کی عوام کو کوئی فائدہ نہیں مل رہاہے ان اضلاع کو رائلٹی ملنی چاہئے، وفاق کو اس ضمن میں فوری اقدامات اٹھاناچاہئیں، انہوں نے کہاکہ پی پی عوامی پارٹی ہے اور عوام کی بات کرتی ہے،اور پی پی کے ارکان اسمبلی بھی عوام کی بات کرتے ہیں لیکن سیاسی بنیادوں پر ان کو نظرانداز کرکے عوام کو تکلیف دی جاتی ہے، وفاق کا رویہ سندہ کے ساتھ غیرمنصفانہ ہے، اٹھارویں ترمیم کو ختم کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں جس سے صوبوں کے حقوق تلف ہوں گے، لیکن صوبے اپنے حقوق کی جنگ لڑیں گے۔