پاکستان کا دورہ انتہائی یادگار ہے ، پاکستانی قیادت سے انتہائی مفید ملاقاتیں ہوئیں جس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر ماریا فرنینڈا اسپنوزا کی پاکستان ٹیلی ویژن کے پروگرام ’’سچ تو یہ ہے‘‘ میں اظہار خیال

پیر 21 جنوری 2019 23:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2019ء) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر ماریا فرنینڈا اسپنوزا نے کہا ہے کہ پاکستان کا دورہ انتہائی یادگار ہے جس کے دوران پاکستانی قیادت سے انتہائی مفید ملاقاتیں ہوئیں جس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ پیر کو پاکستان ٹیلی ویژن کے پروگرام ’’سچ تو یہ ہے‘‘ میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی ایک مشاورتی فورم ہے جس کا بنیادی مقصد امن کا قیام اور تنازعات کا خاتمہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اقوام متحدہ سے شراکت اور روابط قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے کوشاں ہے اور اس ضمن میں اہم و موثر اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل کے لیے سیاسی عزم کی ضرورت ہے، پاکستانی حکومت کا بلین ٹری منصوبہ قابل تعریف ہے جس سے ماحول میں بہتری آئے گی، انہوں نے کہا کہ بلین ٹری جیسے منصوبے ماحول کے لیے ضروری ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاکستان اور بھارت میں مذاکرات ہونے چاہیئں، کشمیر سمیت تمام تنازعات کے حل کے لیے دونوں ملکوں میں مذاکرات ضروری ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ افغان امن کے لیے پاکستان اہم کردار ادا کر ہا ہے، افغانستان میں امن خطے کے امن کے لیے بھی ضروری ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مذہبی منافرت کی کسی صورت بھی اجازت نہیں دی جا سکتی۔