شام میں ایرانی اہداف پر اسرائیلی حملے

کم از کم 11 ہلاک، شام نے اسرائیل کے 30 سے زائد میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیئے

منگل 22 جنوری 2019 00:27

شام میں ایرانی اہداف پر اسرائیلی حملے
مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2019ء) اسرائیل کے جنگی طیاروں نے شام میں ایرانی اہداف کو نشانہ بنایا ہے جس دوران کم از کم 11 افراد ہلاک ہو گئے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق اس کارروائی کے دوران شامی دارالحکومت دمشق کے نواح میں ایرانی قدس فورس کے اہداف کو نشانہ بنایا گیا جس کے بعد شامی اینٹی ایئرکرافٹ میزائل داغے جانے کے سبب شامی دفاعی نظام کو بھی حملے کا نشانہ بنایا گیا۔

(جاری ہے)

شامی حکومت کے مطابق اسرائیل کی طرف سے فائر کیے گئے زیادہ تر میزائلوں کو شامی اینٹی ایئر کرافٹ نظام نے ہوا میں ہی تباہ کر دیا۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔شامی فوج کے فضائی دفاعی نظام نے اسرائیلی حملے کے دوران فائر کیے گئے 30 سے زائد کروز میزائلوں اور گائیڈڈ بموں کو فضا میں تباہ کر دیا۔ یہ بات روسی خبر رساں ادارے انٹرفیکس نے روسی ڈیفنس کنٹرول سنٹر کے حوالے سے بتائی ہے۔ روس کی ایک اور نیوز ایجنسی RIA کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے دمشق کے جنوب مشرقی حصے میں قائم ایک ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 4 شامی فوجی ہلاک جبکہ 6دیگر زخمی ہوئے۔