موسم کی شدت ملک کے35 اضلاع میں پولیو مہم بند

خیبرپختونخواہ کا ایک، آزاد کشمیر کے5، گلگت بلتستان کے 4، سندھ کے 9 اور پنجاب کا ایک ضلع اور اسلام آباد شامل ہیں

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 22 جنوری 2019 10:09

موسم کی شدت ملک کے35 اضلاع میں پولیو مہم بند
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22 جنوری۔2019ء) رواں برس کی پہلی انسدادِ پولیو مہم ملک کے 21 اضلاع میں مکمل طور پر جبکہ 14 اضلاع میں جزوی طور پر موسمیاتی شدت کے باعث ملتوی کردی گئی ہے. نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق جن اضلاع میں پولیو مہم ملتوی کی گئی اس میں خیبرپختونخواہ کا ایک، آزاد کشمیر کے5، گلگت بلتستان کے 4، سندھ کے 9 اور پنجاب اور اسلام آباد کا ایک ایک ضلع شامل ہے.

(جاری ہے)

جاری کردہ تفصیلات کے مطابق جن اضلاع میں پولیو مہم مکمل طور پر ملتوی کی گئی ان میں خیبر پختونخواہ میں چترال، آزاد کشمیر میں باغ، پونچھ، سدنوتی، حویلیاں اور وادی نیلم، گلگت بلتستان میں استور، غذر، ہنزہ اور نگر، سندھ میں نوشہرو فیروز، میرپورخاص، شہید بے نظیرآباد، قمبر، جیکب آباد، مٹیاری، حیدرآباد، اور ٹنڈوالہیار جبکہ پنجاب میں راولپنڈی اور اسلام آباد شامل ہیں.

دوسری جانب جن اضلاع میں پولیو مہم جزوی طور پر معطل کی گئی ان میں خیبرپخونخوا کے علاقے مانسہرہ، ایبٹ آباد، بالائی دیر، سوات، اور لکی مروت، آزاد کشمیر کی وادی جہلم، بلوچستان کا علاقہ صحبت پور، گلگت بلتستان میں اسکردو اور سندھ میں سانگھڑ، بدین، ٹھٹہ، کشمور، سکھر اور عمر کوٹ شامل ہیں. خیال رہے کہ پولیو ایک متعدی وبائی مرض ہے جو 5 سال سے کم عمر کے بچوں پر اثر انداز ہوتا ہے، اس کا وائرس اعصابی نظام پر حملہ کر کے اعضا کو مفلوج کر دیتا جس کا نتیجہ موت کی صورت میں بھی نکل سکتا ہے.

یہ بات بھی مدِ نظر رہے کہہ اس موذی مرض کا کوئی علاج موجود نہیں چناچہ بچوں میں وائرس کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرنے کے لیے پولیو ویکسین ہی واحد حل ہے. ہر مرتبہ جب ایک 5 سالہ بچے کو ویکسین پلائی جاتی ہے تو اس کی قوت مدافعت میں مزید اضافہ ہوتا ہے اسی طرح دنیا کے تقریباً تمام ممالک پولیو سے پاک ہوچکے ہیں.