Live Updates

مسلم لیگ(ق) اور تحریک انصاف کے درمیان کشیدگی برقرار

قطر سے واپسی پر وزیراعظم سے چوہدری بردران ملاقات کریں گے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 22 جنوری 2019 12:18

مسلم لیگ(ق) اور تحریک انصاف کے درمیان کشیدگی برقرار
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22 جنوری۔2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ق)کے اراکین اسمبلی نے حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کی مرکز اور پنجاب میں قائم اتحادی حکومت کے رویے کو منفی قرار دے دیا اور اپنی جماعت کی قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس اتحاد کے مستقبل کے بارے میں کوئی فیصلہ کریں. رپورٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ق)کے قائد چوہدری شجاعت حسین کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا جس میں اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی، وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ، اراکین صوبائی اسمبلی مونس الٰہی، سالک حسین، حسین الٰہی اور محترمہ فرخ خان نے شرکت کی.

(جاری ہے)

اجلاس کے بعد جاری کیے گئے اعلامیے میں پارٹی اراکین نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے ان کے حلقوں میں منفی رویوں پر خدشات کا اظہار کیا اور چوہدری شجاعت کو حکومتی اتحاد کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا اختیار بھی دیا. ذرائع کا کہنا ہے کہ اراکین اسمبلی نے اپنی قیادت کو اپنے حلقوں میں مسائل کے حل کی راہ میں آنے والی رکاوٹوں سے بھی آگاہ کیا.

ذرائع کے مطابق اراکین اسمبلی چاہتے تھے کہ ان کی قیادت اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان سے بات چیت کرے کیوں کہ ان کے واحد وزیر کے پاس بھی مطلوبہ اختیارات نہیں. دوسری جانب اطلاعات یہ بھی ہیں کہ وزیراعظم عمران خان قطر سے واپسی پر گجرات کے چوہدریوں سے ملاقات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں. پی ایم ایل کیو کا موقف تھا کہ اراکین اسمبلی کو ان کے حلقوں میں درپیش مسائل حل کرنے کے لیے ہمیں پی ٹی آئی سے اختیارات کی ضمانت چاہیے.

علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں پی ایم ایل کیو کی قیادت کی جانب سے مرکز اور صوبے میں 2، 2 وزارتیں دینے کے وعدے پر عمل درآمد کرنے کا مطالبہ بھی کیا جائے گا. واضح رہے کہ حکومتی اتحاد میں دراڑ اس وقت سامنے آئی تھی جب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری مسلم لیگ (ق) میں فارورڈ بلاک بنانے کا بیان دیا تھا جس پر پارٹی کا سخت ردِ عمل سامنے آیا تھا. بعدازاں صوبے میں پی ایم ایل کیو کے واحد وزیر برائے معدنیات حافظ عمار یاسر نے اپنے کام میں بے جا مداخلت کو جواز بنا کر استعفیٰ پارٹی قیادت کو بھجوادیا تھا.
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات