روس کی سمندری حدود میں آبنائے کرچ میں ایندھن کی منتقلی کے دوران دو بحری جہازوں میں آگ لگ گئی، عملے کے 11 ارکان ہلاک

منگل 22 جنوری 2019 12:48

روس کی سمندری حدود میں آبنائے کرچ میں ایندھن کی منتقلی کے دوران دو ..
ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) روس کی سمندری حدود میں واقع آبنائے کرچ میں ایندھن کی منتقلی کے دوران دو بحری جہازوں میں آگ لگ گئی جس کے نتیجہ میں 11 افراد ہلاک ہوگئے۔ روسی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق دونوں بحری جہاز تنزانیہ میں رجسٹرڈ ہیں اور ان کے عملے میں ترک، بھارتی اور لیبیائی باشندے شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ایک بحری جہاز میں مائع قدرتی گیس موجود تھی جس کو ایک ٹینکر میں منتقل کئے جانے کے دوران آگ بھڑک اٹھی۔

برطانوی خبر رساں ادارے کی طرف سے جاری تصویر میں بحری جہازوں سے دھوئیں کے سیاہ بادل اٹھتے دکھائی دے رہے ہیں۔ حادثے کا شکار ہونے والے جہازوں میں سے ایک جس کا نام کینڈی ہے پر عملے کے 17 ارکان موجود تھے جن میں سے نو ترک اور آٹھ بھارتی شہری تھے۔

(جاری ہے)

دوسرے جہاز مائسترو پر عملے کے 15 ارکان موجود تھے جن میں سے سات ترک، ساتھ بھارتی اور ایک لیبیائی باشندہ شامل ہے۔ روسی حکام کے مطابق امدادی کارروائیوں کے لئے ایک بحری جہاز جائے حادثہ کی طرف روانہ کر دیا گیا ہے۔ روسی حکام کے مطابق دونوں جہازوں کے عملے کے کئی ارکان نے جانیں بچانے کے کئے سمندر میں چھلانگیں لگادیں جن میں سے ایک درجن کو سمندر سے زندہ نکال لیا گیا ہے جن کو طبی امداد دی جارہی ہے جبکہ نو افراد بدستور لاپتہ ہیں۔