ہانگ کانگ میں ہوٹل کی کھڑکی ٹوٹ کر سر پر گرنے سے سیاح خاتون ہلاک

منگل 22 جنوری 2019 12:48

ہانگ کانگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) ہانگ کانگ میں ہوٹل کی کھڑکی ٹوٹ کر سر پر گرنے سے سیاح خاتون ہلاک اور ان کا ساتھی زخمی ہو گیا۔پولیس نے واقعہ کی ذمہ دار کھڑکی صاف کرنے والی ہوٹل کی ملازمہ کو گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

ہانگ کانگ پولیس کے مطابق ہوٹل میرا کی 16ویں منزل پر ایک کمرے کی کھڑکی اس وقت ٹوٹ کر نیچے گری جس وقت ہوٹل کی ملازمہ کھڑکی کی صفائی کر رہی تھی،کھڑکی نیچے پرہجوم سڑک پر ایک 24 سالہ چینی خاتون سیاح کے سر پر لگی جس سے اس کی موت واقع ہو گئی جبکہ اس کا ساتھ معمولی زخمی ہوا۔

پولیس کے مطابق انھوں نے ہوٹل کی کلینر کو گرفتار کیا تاہم واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں ہو سکتا ہے کہ کھڑکی عمارت کی بیرونی سطح سے گری ہو۔ہوٹل کا موقف ہے کہ کمروں کی کھڑکیاں چابی سے صرف ہوٹل کا عملہ ہی کھول سکتا ہے اور ممکن ہے کہ کلینر نے صفائی کرنے کی نیت سے کھڑکی جیسے ہی کھولی ہو تو وہ گر گئی ۔مذکورہ ہوٹل میں وکی لیکس فیم ایڈورڈ سنوڈن نے 2013 میں قیام کیا تھا جہاں امریکی حکومت کے بارے میں حساس معلومات افشاء ہوئیں۔