اگلے دو ماہ میں مہران گاڑیوں کی پیداور بند ہو جائے گی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 22 جنوری 2019 12:51

اگلے دو ماہ میں مہران گاڑیوں کی پیداور بند ہو جائے گی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جنوری2019ء) اگلے دو ماہ میں مہران گاڑیوں کی پیداور بند ہو جائے گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان آٹو پارٹس مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ایک نمائندے عامر اللہ والا نے سینیٹ کمیٹی کو بتایا کہ اگلے دو ماہ میں سوزوکی کمپنی کی مہران گاڑیوں کی پیداوار بند ہو جائے گی۔سینیٹر احمد خان کی زیر صدارت پروڈکشن اور انڈسٹریز سے متعلق سینیٹ سٹیندنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان آٹو پارٹس مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے نمائندے نے بتایا کہ مہران گاڑی کے انجن سمیت کئی حصے پاکستان میں تیار ہوتے ہیں۔

انہوں نے کمیٹی کو مزید بتایا کہ 9 آٹوموٹیو مینو فیکچررز پاکستان میں 1.50 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری لا رہے تھے جب کہ پاکستان میں 2.4 ملین افراد آٹوموٹو مینوفیکچرنگ انڈسٹری کے ساتھ منسلک ہیں۔

(جاری ہے)

عامر اللہ والا نے بتایا کہ 96 فیصد موٹر سائیکلیں پاکستان میں ہی بنائی جاتی ہیں۔سینیٹ کمیٹی کو مزید بتایا گیا کہ پاکستان افغانستان میں موٹرسائیکلیں ایکسپورٹ کر رہا ہے جب کہ نیپال اور سری لنکا کو بھی گاڑیاں ایکسپورٹ کی جاتی ہیں۔

سینیٹ کمیٹی کو پاکستان کی جانب سے درآمد شدہ گاڑیوں سے متعلق بھی بتایا گیا جس کی تعداد 75000ہے۔سینیٹ کمیٹی نے ملک میں درآمد شدہ گاڑیوں کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔واضح رہے پاک سوزوکی نے 80 کی دہائی سے مارکیٹ میں مقبول رہنے والی مہران کی پیداوار کو بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ سوزوکی مہران کی دنیا بھر میں پیداوار 90 کی دہائی میں بند کر دی گئی تھی، تاہم پاکستان میں اس گاڑی کی پیداوار آج بھی جاری ہے۔مارکیٹ میں نئی کمپنیوں کی آمد کے باعث مقابلے میں اضافہ ہوا ہے، اور نئی اور جدید سے جدید اور قدرے کم قیمت گاڑیاں فروخت کیلئے پیش کی جا رہی ہیں۔ اسی باعث سوزوکی پاکستان نے رواں برس دسمبر سے مہران کو مارکیٹ میں فروخت کیلئے پیش نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔