الیکشن کمیشن کاسعدیہ عباسی سے سپریم کورٹ میں دائر نظرثانی کی اپیل کے فیصلے تک ریکوری نہ کرنے کا حکم

منگل 22 جنوری 2019 14:23

الیکشن کمیشن کاسعدیہ عباسی سے سپریم کورٹ میں دائر نظرثانی کی اپیل کے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2019ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سعدیہ عباسی سے سپریم کورٹ میں دائر نظرثانی کی اپیل کے فیصلے تک ریکوری نہ کرنے کا حکم دیدیا۔ منگل کو پاکستان مسلم لیگ (ن )کی سینیٹر سعدیہ عباسی کی دوہری شہریت پر نااہل ہونے کے معاملہ پر الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے سماعت کی ۔

سماعت کے دور ان سعدیہ عباسی کے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور کہاکہ سپریم کورٹ میں سعدیہ عباسی کی نااہلی کے فیصلے پر نظرثانی کی اپیل کی ہے۔وکیل سعدیہ عباسی نے کہاکہ ہم نے 8 فروری 2018 کو دہری شہریت چھوڑنے کا حلف نامہ جمع کرایا تھا۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ 8 فروری کو ہی آپ نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تب تک حلف نامہ جمع نہیں تھا۔

(جاری ہے)

وکیل نے کہاکہ امریکی سفارتخانے کے مطابق شہریت چھوڑنے کا اطلاق 8 فروری سے ہی ہو گیا تھا۔وکیل نے استدعا کی کہ سعدیہ عباسی کو ڈی نوٹیفائی مارچ 2018 کی بجائے 17 اکتوبر 2018 سے کیا جائے۔چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ آپ نے سپریم کورٹ میں نظرثانی کی اپیل دائر کر رکھی ہے ۔نظرثانی اپیل کا فیصلہ اگر مختلف آتا ہے تو وہ بھی دیکھنا ہو گا۔چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ ہم حکم جاری کر دیتے ہیں کہ سپریم کورٹ کورٹ کے حتمی فیصلے تک تنخواہ واپس نہ لی جائے۔بعد ازاں الیکشن کمیشن نے سعدیہ عباسی سے سپریم کورٹ میں دائر نظرثانی کی اپیل کے فیصلے تک ریکوری نہ کرنے کا حکم دیدیا۔