قائداعظم ایپرل پارک پنجاب کی صنعتی ترقی میں اہم کردا ر ادا کرے گا‘خادم حسین

منصوبے پر عملدرآمدات سے ٹیکسٹائل سیکٹر فروغ پائے گا ملکی برآمدات میں اضافہ ہوگا‘سینئر نائب صدر فیروز پور بور ڈلاہور

منگل 22 جنوری 2019 15:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2019ء) پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن و سینئر نائب صدر فیروز پور بورڈ لاہور خادم حسین نے کہا ہے کہ قائداعظم ایپرل پارک پنجاب کی صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا ،لاہور سے 40کلومیٹر کے فاصلے پر1500ایکڑسے زائد رقبے پر قائداعظم ایپریل پارک میں غیر ملکی سرمایہ کاربھی دلچسپی لے رہے ہیں ایپریل پارک کے منصوبے پر عملددرآمد سے ٹیکسٹائل سیکٹر کو فروغ ملے گا ٹیکسٹائل سیکٹر قومی معیشت میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے ۔

اس شعبہ کی ترقی سے بالواسطہ اور بلاواسطہ روزگا ر کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہونگے ۔ان خیالات کااظہار انہوںنے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خادم حسین نے کہا کہ قائداعظم ایپرل پارک ،سپیشل اکنامکس زونز، اور انڈسٹریل اسٹیٹس سے صوبہ میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا ۔

(جاری ہے)

قائداعظم ایپرل پارک میں ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ سنٹر کے قیام کا منصوبہ خوش آئند ہے جس سے انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق لیبر کو تربیت ملے گی اور 200ایکڑ پر لیبر کالونی کے قیام سے لیبر کو انڈسٹری کے قریب ہی رہائشی سہولیات بھی دستیاب ہونگی ۔جس سے صنعتوں کا پہیہ مسلسل رواں دواں رہے گا اور صوبہ خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔