جے آئی ٹی کے پاس مزید تین گھنٹے کا وقت ہے رپورٹ مکمل کرے

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے جے آئی ٹی کو رپورٹ آج ہی پیش کرنے کی ہدایت کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 22 جنوری 2019 14:26

جے آئی ٹی کے پاس مزید تین گھنٹے کا وقت ہے رپورٹ مکمل کرے
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 جنوری 2019ء) : وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سانحہ ساہیوال پر تشکیل دی جانے والی جے آئی ٹی کو آج ہی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سانحہ ساہیوال پر تشکیل دی جانے والی جے آئی ٹی کو مزید وقت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ جے آئی ٹی 72 گھنٹوں میں واقعہ کی تہہ تک پہنچ سکتی تھی ۔

تحقیقاتی ٹیم میں ایک لمحے کی تاخیر بھی برداشت نہیں کی جا سکتی، انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کے پاس ابھی تین گھنٹے باقی ہیں اپنی رپورٹ مکمل کرے۔ آج شام پانچ بجے ہر حال میں جے آئی ٹی کی رپورٹ پیش کی جائے۔ پانچ بجے اجلاس طلب کیا ہے جے آئی ٹی رپورٹ کا جائزہ لوں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پوری قوم تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ کی منتظر ہے، رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داران کو قرار واقعہ سزا دی جائے گی۔

واضح رہے کہ کچھ دیر قبل ایک خبر موصول ہوئی تھی جس میں کہا گیاتھا کہ جے آئی ٹی رپورٹ کی تیاری تاخیر کا شکار ہو گئی ہے۔ اس حوالے سے سربراہ جے آئی ٹی اعجاز شاہ نے کہا کہ سانحہ کی رپورٹ اتنی جلدی تیار نہیں ہو سکتی۔ رپورٹ بنانے میں مزید کچھ دن لگیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ساہیوال میں 6 پولیس اہلکار زیر حراست ہیں۔جے آئی ٹی نے جائے وقوعہ کا بھی دورہ کیا ۔

جے آئی ٹی عینی شاہدین کے بیان ریکارڈ کر کے لاہور روانہ ہو گئی۔ سربراہ جے آئی ٹی کا کہنا تھا کہ عینی شاہدین پر کوئی دباؤ نہیں تھا انہوں نے وہی بیان دیا جو انہوں نے جائے وقوعہ پر دیکھا۔ جے آئی ٹی سربراہ اعجاز شاہ کا مزید کہنا تھا کہ جو میڈیا اور عوام کے سامنے ہے وہی وزیر اعلیٰ پنجاب کو بتاؤں گا۔ان کا کہنا تھا کہ مکمل تحقیقات کے لیے 30 دن درکار ہوں گے۔ واضح رہے کہ سانحہ ساہیوال پر تشکیل دی جانے والی جے آئی ٹی کو آج شام پانچ بجے تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کرنی ہے جس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اجلاس میں اس رپورٹ کا جائزہ لیں گے۔