گلاسگو میں سکاٹ لینڈ۔پاکستان فیشن ویک سیزن 2 میں پاکستانی ملبوسات کی بے حد پذیرائی

منگل 22 جنوری 2019 15:28

گلاسگو میں سکاٹ لینڈ۔پاکستان فیشن ویک سیزن 2 میں پاکستانی ملبوسات کی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) گلاسگو میں اسکاٹ لینڈ۔پاکستان فیشن ویک سیزن 2 میں پاکستانی ملبوسات کو بے حد پذیرائی ملی جبکہ کھجور،پھلوں، سبزیوں اور خشک میوہ جات کے پاکستان برآمدکنندگان اور برطانوی تاجروں کے درمیان ملاقاتیں بھی ہوئیں جن میں مستقبل میں دوطرفہ تجارت بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فیشن ویک میں شریک دیگر ممالک کے مندوبین کی پاکستانی تجارتی وفد کی قائد اور خیرپور چیمبر کی بانی صدر،ایف پی سی سی آئی کی سابق نائب صدر مس شبنم ظفر اور دیگر اراکین سے ملاقاتیں ۔

تفصیلات کے مطابق سکاٹ لینڈپاکستان فیشن ویک سیزن 2میں پاکستانی وفد کی کارکردگی دیگر ممالک کی نسبت زیادہ نمایاں رہی۔ پاکستانی وفد کی قائدشبنم ظفرسے فیشن شو میں برٹش آرمی کے میجر اینڈریوفوربز نے بھی ملاقات کی اور پاکستانی ملبوسات کی کوالٹی کو سراہا۔

(جاری ہے)

شبنم ظفر نے کہا کہ پاکستان میں اعلیٰ ترین ملبوسات تیار کئے جاتے ہیں اور بالخصوص کراچی اور لاہور میں بنائے گئے ڈریسز فیشن ویک سیزن 2میں رکھے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گلاسگو اور مانچسٹر میں پاکستانی تجارتی وفد فخریہ انداز میں استقبال ہوا ہے اور ہم نے بھی پاکستان کے پرچم کو بلند رکھا ہے ۔وفد میں شامل خیرپورچیمبر آف کامرس کے صدر نصیراحمدآرائیں اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبر رحمت الامین نے گلاسگو کے فروٹس،پھلوں، سبزیوں اور خشک میوہ جات کے تاجروں سے ملاقات کی۔ گلاسکو کے تاجروں نے اعتراف کیا کہ پاکستانی خشک میوہ جات بہت اعلیٰ کوالٹی کے ہوتے ہیں جبکہ پاکستان میں پیدا ہونے والی کھجورکو برطانیہ میں بے حد پسند کیا جاتا ہے۔

نصیر آرائیں نے کہا کہ ہم مستقبل میں برطانیہ کی مارکیٹ میں پاکستانی پھلوں اور خشک میوے کی مزید رسائی کیلئے کام کریں گے ۔کراچی سے فیشن ویک میں حصہ لینے والی فیشن ڈیزائنر مسز عذرا بانوکے تیار کردہ ملبوسات کو بھی بے حد سراہا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس سے قبل بھی فیشن ویک سیزن ون میں شریک ہوئی تھیں لیکن اس بارنت نئے فیشن کے پاکستانی ملبوسات کی پذیرائی پہلے سے بھی زیادہ ہوئی ہے۔

فیشن ویک میں شریک فردوس ٹیکسٹائل ،فیصل آباد کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ اور ایکسپورٹرزعمران اصغر کا کہنا تھا کہ وہ نمائش میں جس مقصد کیلئے آئے تھے وہ انہوں نے حاصل کیا ہے اور مستقبل میں وہ گلاگو سمیت مانچسٹر،برمنگھم اور لندن میں ئے خریداروں سے مسلسل رابطے میں رہیں گے جس سے پاکستان کی ایکسپورٹ میں اضافہ ہوگا۔