سیالکوٹ میں با اثر قصاب مافیا کی گرانفروشی ، شہریوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ

منگل 22 جنوری 2019 15:28

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) سیالکوٹ میں با اثر قصاب مافیا کی گرانفروشی نے گوشت خریدنا محال کر دیا، شہریوں نے ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ اور گردونواح کے علاقوں میں قصاب مافیا نے انتظامیہ سے ملی بھگت کر کے گوشت کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کر دیا ہے ۔ سرکاری نرخ نامے فقط ڈپٹی کمشنر آفس تک محدود ہو چکے ہیں جبکہ شہراور دیہی علاقوں میں مہنگائی کے سونامی نے شہریوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے ۔

مہنگائی اور لاقانونیت کی وجہ سے شہری ذہنی کوفت کا شکار ہو رہے ہیں ۔ ضلع حکومت نے گائے کے گوشت کی سرکاری قیمت تقریبا ًً320 روپے مقرر کر رکھی ہے جبکہ شہری و دیہی علاقوں میں گائے کا گوشت450 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے جبکہ بکرے کے گوشت کی سرکاری قیمت 700روپے فی کلو ہے لیکن مارکیٹ میں بکرے کا گوشت 700روپے فی کلو کی بجائی900 روپے تک فروخت ہو رہا ہے ۔

(جاری ہے)

با اثر قصاب مافیا گوشت کی قیمتوں میں خودساختہ اضافہ کر کے لوگوں کو لوٹ رہا ہے اور بیشتر قصابوں نے انتظامی اہلکاروں سے روابط قائم کر رکھے ہیں جس کی وجہ سے با اثر قصاب مافیا کے خلاف کوئی کارروائی نہ ہوتی ہے ۔علاوہ ازیں ضلع بھر کی پرائس کنٹرول کمیٹیاں غیر فعال ہیں ۔ آفسران دفاتر میں بیٹھ کر معاملات دیکھنے میںمصروف عمل ہیں جبکہ شہری و دیہی سطح پر مہنگائی کی چکی میں غریب عوام بری طرح پس رہی ہے ۔ ضلعی حکومت مہنگائی اور گرانفروشی پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہو رہی ہے ۔ شہر اقبال کی سیاسی وسماجی تنظیموں نے تشویش کااظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار احمد خان ، کمشنر گوجرانوالہ اور دیگر حکام سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے ۔