ایم کیو ایم کی پاکستان کو لسانی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی کوشش

کراچی کو خود مختار صوبہ کا درجہ دینے کا مطالبہ کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 22 جنوری 2019 15:01

ایم کیو ایم کی پاکستان کو لسانی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی کوشش
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 جنوری 2019ء) : ایم کیو ایم ہمیشہ سے ہی پاکستان کو لسانی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی کوشش میں رہی ہے۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور اہم کیو ایم رہنماؤں نے ہمیشہ ہی مہاجر کارڈ کھیلا اور اسی کی بنا پر اہنا ووٹ بینک بنایا۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے بھی گذشتہ برس قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کراچی کو بھی الگ صوبہ بنانے کا مطالبہ کیا تھا اور کہا تھا کہ کیا کراچی اور جنوبی سندھ پاکستان کا حصہ نہیں ہیں؟ یہاں ایک قرارداد منظور کر دی جائے کہ کراچی پاکستان کا حصہ نہیں ہے، 10 سال میں کراچی کو پانی کا ایک قطرہ نہیں ملا جب کہ حیدر آباد اور سکھر کا 70 سال میں استحصال کیا گیا۔

تاہم اب کراچی کو الگ صوبہ بنانے کی تحریک مزید زور پکڑ گئی ہے۔

(جاری ہے)

دو سال قبل متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) لندن کے کنوینر ندیم نصرت نے بانی الطاف حسین سے علیحدگی تو اختیار کر لی لیکن انہوں نے قائد ایم کیو ایم الطاف حسین کا بیانیہ ہی اپنایا اور اس کو تقویت بخشنے کے لیے باقاعدہ مہم کا آغاز بھی کر دیا ہے۔ ندیم نصرت نے کراچی اور سندھ کے دیگر شہری علاقوں کو خود مختار صوبہ قرار دئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی اور سندھ کے دیگر شہری علاقوں کو پاکستان کے اندر ہی ایک خود مختار صوبے کا درجہ دے دیا جائے۔
ندیم نصرت کے اس مطالبے پر لسانی بنیادوں پر عوام کے جذبات کے ساتھ کھیلنے والے دیگر ایم کیو ایم رہنماؤں نے بھی لبیک کہا اور مطالبہ کیا کہ کراچی سمیت سندھ کے شہری علاقوں کو ملا کر ایک الگ صوبہ بنا دیا جائے تاہم وہاں پر رہنے والے لوگوں کو زندگی کی بنیادی ضروریات میسر ہوں۔

مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر GreaterKarachi# کے نام سے باقاعدہ ایک ہیش ٹیگ بھی متعارف کروایا گیا ہے اور الگ صوبے کے مطالبے پر ندیم نصرت کو خوب سراہا جا رہا ہے۔ ندیم نصرت نے ایک مرتبہ پھر سے مہاجر کارڈ کھیلتے ہوئے کہا کہ ہمیں مہاجرین کے مسائل حل کرنے ہیں، لہٰذا اس کے لیے الگ صوبے کی اشد ضرورت ہے۔

ٹویٹر پر کئی صارفین نے ندیم نصرت کے اس مطالبے کو تاریخی مطالبہ قرار دیتے ہوئے اس کی تعریف بھی کی۔ جبکہ گریٹر کراچی کا نقشہ بھی ٹویٹر پر کافی گردش کر رہا ہے۔
اس ضمن میں ندیم نصرت نے مہاجرین کو الگ صوبے کے قیام کے لیے ایک روڈ میپ بھی بتا دیا ہے۔
اور اس نئے صوبے کو سندھ کے شہری علاقوں کا تابناک مستقبل قرار دیا جا رہا ہے۔