علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شعبہ فزکس کے زیراہتمام ’’سورہ الرحمٰن کی قرآن تھراپی اور سائنسی حقائق‘‘ کے موضوع پر ایک روزہ قومی سیمینار کا انعقاد

منگل 22 جنوری 2019 15:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شعبہ فزکس نے ’’سورہ الرحمٰن کی قرآن تھراپی اور سائنسی حقائق‘‘ کے موضوع پر ایک روزہ قومی سیمینار کا انعقاد کیا۔ اپنے تجربات بتاتے ہوئے مقررین نے کہا کہ سورة الرحمٰن کی قرآن تھراپی کے ذریعے لاعلاج مریضوں کا کامیاب علاج ہوچکا ہے بلکہ بہت سے لوگوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ سورة الرحمٰن سے ان کی بہت پیچیدہ بیماریاں ختم ہوچکی ہیں۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ سورة الرحمٰن تھراپی میں کینسر فالج، بلڈ پریشر، شوگر، دل کے بند وال، گردے فیل اور ہیپاٹائٹس جیسے دیگر جان لیوا امراض کا مکمل علاج اور جادو ٹونے کا توڑ بھی موجود ہے ۔انھوں نے کہا کہ اب تک پاکستان میں سورة الرحمٰن کی برکت سے ہزاروں مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ ٹیلی نار، یوفون، موبی لنک اور زونگ کی آر ایف کنسلٹنٹ مس زاہرہ ذین نے سورة الرحمٰن تھراپی کا عملی مظاہرہ کیا۔ مقررین میں راول انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز اسلام آباد کے یورالوجسٹ ڈاکٹر نصرت الله اور اسلام آباد میں عالمی سطح پر شہرت یافتہ کاسمیٹک سرجن ڈاکٹر اشفاق خان اور شعبہ فزکس کے چئیرمین پروفیسر ڈاکٹر سید ظفر الیاس شامل تھے۔