جعلی اکائونٹس کیس ،ْتحقیقات کیلئے کمبائنڈ انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ

ٹیم کی سربراہی عرفان نعیم منگی کرینگے اور براہ راست نگرانی جسٹس جاوید اقبال خود کرینگے سپریم کورٹ کے فیصلہ کی روشنی میں قانون اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر تحقیقات کو مکمل شفافیت اور میرٹ پر منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا ،فیک اکائونٹس کیس سے متعلق قیاس آرائیوں سے گریز کرے ، نیب اعلامیہ

منگل 22 جنوری 2019 15:51

جعلی اکائونٹس کیس ،ْتحقیقات کیلئے کمبائنڈ انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دینے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2019ء) قومی احتساب بیورو (نیب)نے جعلی اکائونٹس کیس کی تحقیقات کیلئے کمبائنڈ انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے ، ٹیم کی سربراہی عرفان نعیم منگی کرینگے اور براہ راست نگرانی جسٹس جاوید اقبال خود کرینگے جبکہ نیب نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کی روشنی میں قانون اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر تحقیقات کو مکمل شفافیت اور میرٹ پر منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا ،فیک اکائونٹس کیس سے متعلق قیاس آرائیوں سے گریز کرے ۔

منگل کو قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس(ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت ایک اہم ترین اجلاس نیب ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں پراسیکوٹر جنرل نیب ، ڈی جی آپریشنز، ڈی جی راولپنڈی اور نیب کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں معزز سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیک اکائونٹس کیس میں فیصلہ کا انتہائی گہرائی اور گیرائی سے جائزہ لیاگیا اور نیب کی کمبائنڈ انوسٹی گیشن ٹیم (سی آئی ٹی)تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔

جس کی سربراہی عرفان نعیم منگی ، ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی کریں گے۔ اور اس کی براہ راست نگرانی قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال کریں گے۔ نیب کی کمبائنڈ انوسٹی گیشن ٹیم(سی آئی ٹی) نے قانون کے مطابق باقاعدہ طور پر ا پنا کام شروع کردیا ہے۔ نیب نے ایک مرتبہ پھر یقین دہانی کرائی کہ معزز سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلہ کی روشنی میںنیب قانون اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر تحقیقات کو مکمل شفافیت اور میرٹ پر منطقی انجام تک پہنچانے پر یقین رکھتا ہے۔ میڈیا سے درخواست ہے کہ وہ فیک اکائونٹس کیس سے متعلق قیاس آرائیوں سے گریز کریں ۔