بلدیاتی نمائندوں کو مکمل اختیار اور فنڈز نہ دینے کیخلاف درخواست پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ،لارڈ میئر ،ڈپٹی کمشنر لاہور کو نوٹس جاری

منگل 22 جنوری 2019 15:54

بلدیاتی نمائندوں کو مکمل اختیار اور فنڈز نہ دینے کیخلاف درخواست پر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے بلدیاتی نمائندوں کو مکمل اختیار اور فنڈز نہ دینے کے خلاف درخواست پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ،لارڈ میئر ،ڈپٹی کمشنر لاہور کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 29جنوری کو جواب طلب کر لیا۔ ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ محمد عظمت چوہدری کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست ایڈووکیٹ شیراذ ذکاء کی وساطت سے دائر کی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں ایل ڈی اے اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے اختیارات واضح ہو چکے ہیں ۔

بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات اراکین قومی اور صوبائی اسلمبلی استعمال کر رہے ہیں ،لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے مطابق بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی میٹروپولیٹن کارپوریشن کا اختیار ہے، بے اختیار ہونے کی وجہ سے لاہور کے 313 منتخب بلدیاتی نمائندے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کر پا رہے، موجودہ حکومت نے 8 ماہ سے منتخب بلدیاتی نمائندوں کو فنڈز بھی جاری نہیں کئے، محکمہ بلدیات میٹروپولیٹن کے زونز سٹاف کے بار بار تقرر و تبادلے سے اضافی مالی بوجھ پیدا کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ ایم این اے ایم پی ایز کو بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات استعمال کرنے سے روکا جائے اور لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات دینے کا حکم دیاجائے ۔جس پر فاضل عدالت نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ،لارڈ میئر ،ڈپٹی کمشنر لاہور کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 29جنوری کو جواب طلب کر لیا۔