ایبٹ آباد شہر میں بارش اور گلیات میں برف باری کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری

منگل 22 جنوری 2019 15:56

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) ایبٹ آباد شہر میں بارش اور گلیات میں برف باری کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری ہے، برف باری اور سرد ہوائوں کے باعث سردی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے۔ ایبٹ آباد شہر، حویلیاں، قلندر آباد، شیروان، دھمتوڑ، کاکول، بکوٹ، لورہ اور جھنگی میں وقفہ وقفہ سے ہلکی بارش اور پہاڑوں علاقوں نتھیاگلی، ڈونگا گلی، چھانگلہ گلی، ایوبیہ، ٹھنڈیانی، خیرا گلی، کالا باغ اور باڑہ گلی میں رات سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

برف باری کے باعث رابطہ سڑکیں ٹریفک کیلئے بند ہو گئی ہیں اور ایبٹ آباد باڑیاں سڑک بھی برف باری کے باعث مختلف مقامات پر ٹریفک کیلئے معطل ہے۔ بارش اور برف باری کے باعث سردی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے، زیادہ تر لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں، سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ نے بھی شہریوں کو شدید پریشان کر کے رکھ دیا ہے، شدید ٹھنڈ میں بہت سے علاقوں میں سوئی گیس نہ ہونے کی وجہ سے خواتین کو کھانا پکانے میں بھی شدید پریشانی کا سامنا ہے جبکہ بچے اور بوڑھے پورا پورا دن ٹھٹھرتے رہتے ہیں۔