Live Updates

ہری پور میں سوئی گیس اور بجلی کی فراہمی کو ممکن بنا کر تمام وعدے کو ایفا کریں گے، وفاقی وزیر توانائی

منگل 22 جنوری 2019 15:57

ہری پور میں سوئی گیس اور بجلی کی فراہمی کو ممکن بنا کر تمام وعدے کو ایفا ..
ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ جھوٹے وعدوں کا دور اب ختم ہو چکا ہے، ہری پور کے عوام نے ہمیں پاکستان کی تاریخ میں سب سے بھاری مینڈیٹ دیکر اسمبلی بھیجا ہے، ہم بھی خادم بن کر عوام کی بے لوث خدمت کر رہے ہیں، بجلی، سوئی گیس سمیت تمام بنیادی مسائل کا خاتمہ عملی انداز سے ممکن بنا کر عوام سے کئے گئے ہر وعدے کو ایفا کریں گے، خانپور، حطار اور سرائے صالح میں نئے گرڈ سٹیشن کے قیام سے ہری پور سے آئندہ 50 سالوں تک بجلی کے مسائل ختم ہو جائیں گے۔

درویش محلہ بھنڈاں، میرا توت، موہری نمبر دو شاہ مقصود، نگار ڈھیری، یو سی بگڑہ میں سوئی گیس کی فراہمی کے سلسلہ میں منعقدہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سوئی گیس جیسی نعمت کلنجر کے آخری گائوں میں بھی پہنچے گی، وفاقی حکومت نے اربوں روپے کے منصوبے منظور کروا لئے ہیں، آنے والا وقت ترقی و خوشحالی کا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہری پور میڈیکل کالج قیام کے بعد عنقریب اس میں کلاسز کا اجراء ہو گا، الیکشن میں عوام نے اعتماد کیا، اس کا صلہ خدمت کے ذریعہ دیں گے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر اکبر ایوب خان، رہنما پی ٹی آئی یوسف ایوب خان، ضلع ناظم راجہ ناصرکیانی، تحصیل نائب ناظم سید احسن شاہ، تحصیل ممبر تیمور خان، محلہ بھنڈاں میں ظفر اقبال خان، ابراہیم خان، مشتاق خان، ہاشم خان، کنٹریکٹر میرا توت میں ثقلین شاہ، موہری میں ناظم آفاق شاہ، بگڑہ میں نصرت خان، جاوید خان، سلیم خان، سابق چیئرمین کے علاوہ معززین علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات