بھارت نے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کی کبھی سنجیدہ کوشش نہیں کی،شاہ غلام قادر

اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی برادری بھارت کی اشتعال انگیزی، بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے اور خطہ میں جنگی جنوں پیدا کرنے کی کوششوں کا نوٹس لیں،سپیکر قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر

منگل 22 جنوری 2019 16:01

کوالالمپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2019ء) سپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی، شاہ غلام قادرنے ملائیشیا میں پارلیمنٹ کے اراکین اسمبلی سے خطاب کر تے ہو ئے کہا کہ بھارت نے دوطرفہ مذاکرات کو ہمیشہ کشمیر پر اپنے غاصبانہ فوجی قبضہ کو مستحکم کرنے اور دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لئے استعمال کیا اور مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کی کبھی سنجیدہ کوشش نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیری عوام نے بھارت کے منفی رویے کے باوجود ہمیشہ مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے کی حمایت کی ۔اس موقع پر پارلیمانی وفد میں قائد حزب اختلاف چوہدری محمد یاسین وزیر صحت ڈاکٹرنجیب نقی وزیر حکومت سردار میر اکبرخان وزیر حکومت چوہدری شہزاد، وزیر حکومت چوہدری اسمعیل ممبر اسمبلی ماجدخان سیکرٹری اسمبلی چوہدری بشارت بھی موجود تھے سپیکر شاہ غلام قادرنے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت اور پاکستان کے درمیان مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ثالثی سمیت تمام آپشنز کو اختیار کرتے ہوئے علاقے میں امن و سلامتی کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریںسپیکر شاہ غلام قادرنے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین صورتحال اور بھارتی فوج کے مظالم کی وجہ سے خطے میں امن کو لاحق خطرات کے پیش نظر اقوام متحدہ کو اپنا کردار ادا کرنے کے لئے پاکستان اور بھارت کی رضامندی کا انتظار نہیں کرنا چاہیے سپیکر شاہ غلام قادرنے ملائیشیا میں صحافیوں پر زور دیا مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہونے والے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز بلند کریں ا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر آزادکشمیر کے شہریوں بالخصوص عورتوں اور بچوں کو نشانہ بنانے کا جو سلسلہ شروع کر رکھا ہے اس کے انتہائی سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیںسپیکرنے اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت کی اشتعال انگیزی، بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے اور خطہ میں جنگی جنوں پیدا کرنے کی کوششوں کا نوٹس لیں۔

سپیکر شاہ غلام قادر نے بھارت فوج کی اشتعال انگیزی اور آزادکشمیر کی سول آبادی کو نشانہ بنانے کے جواب میں موثر کارروائی کرنے اور آزادکشمیر کے شہریوں کی جان و مال کی دن رات حفاظت کرنے پر ملک کی مسلح افواج کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پاک فوج کو یقین دلایا کہ آزادکشمیر کا بچہ بچہ وطن عزیز کی سرحدوں کے دفاع کے لئے پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑنے کے لئے تیار ہے۔