کرینہ کپور کو الیکشن میں اتارنے کا فیصلہ

کانگرس کے سربراہ راہول گاندھی اور کرینہ کپور ماضی میں کافی قریب رہے ہیں

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 22 جنوری 2019 15:53

کرینہ کپور کو الیکشن میں اتارنے کا فیصلہ
ممبئی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22 جنوری۔2019ء) خوبروربھارتی اداکارہ کرینہ کپور کو رواں سال ہونے والے انتخابات میں کانگرس کے ٹکٹ سے میدان میں اتارنے کا فیصلہ ‘ان سے قبل بھی متعدد بولی وڈ اداکار سیاست میں آچکے ہیں اور کچھ لوگ تو رکن پارلیمنٹ اور وزارتوں کے مزے بھی لوٹ چکے ہیں. بھارتی اداکار نہ صرف رکن پارلیمنٹ اور وزارت بلکہ اعلیٰ حکومتی عہدوں پر بھی رہے ہیں.

بھارت کی سیاسی پارٹیاں اداکاروں کی شہرت اور عوامی مقبولیت سے فائدہ حاصل کرنے کے لیے انہیں میدان میں اتارتی ہیں اور بعض مرتبہ ان کی سیاسی حکمت عملی کامیاب بھی جاتی ہے.

(جاری ہے)

اور اب اسی سیاسی حکمت عملی کے تحت بھارت کی مرکزی سیاسی جماعت انڈین نیشنل کانگریس بھی بولی وڈ بے بو کرینہ کپور کو سیاسی میدان میں اتارنے کا سوچ رہی ہے. اطلاعات ہیں کہ بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے کانگریس عہدیدار چاہتے ہیں کہ کرینہ کپور کو حریف جماعت کے امیدواروں کے خلاف 2019 کے انتخابات میں اتارا جائے.

بھارتی نشریاتی ادارے کے مطابق کانگریس کے مقامی رہنما یوگندرا سنگھ چوہان نے پارٹی کے صدر راہول گاندھی کو خط لکھ کر کرینہ کپور کو پارٹی ٹکٹ دینے کی تجویز دی ہے. رپورٹ میں ایک اور نشریاتی ادارے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مدھیا پردیش کے مقامی راہنماﺅں نے کانگریس کے صدر راہول گاندھی کو خط میں لکھا ہے کہ وہ کئی سال سے بھوپال سے الیکشن ہارتے آ رہے ہیں، اس لیے اب وقت آگیا ہے کہ کسی مضبوط امیدوار کو میدان میں اتارا جائے.

رپورٹ کے مطابق خط میں واضح طور پر لکھا گیا ہے کہ بھوپال سے مرکزی انتخابات جیتنے کے لیے پٹودی خاندان کے کسی فرد کو ٹکٹ دینا لازمی بن چکا ہے اور کرینہ کپور اس کے لیے سب سے مضبوط امیدوار ہیں. خط میں واضح طور پر راہول گاندھی کو تجویز دی گئی ہے کہ کرینہ کپور کو ٹکٹ دے کر حریف جماعت بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کو شکست دی جاسکتی ہے. خیال رہے کہ جس مرکزی حلقے سے کرینہ کپور کو ٹکٹ دیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں اسی حلقے سے ان کے سسر اور سیف علی خان کے والد منصور علی خان پٹودی 1991 میں کانگریس کی ٹکٹ پر انتخابات جیت چکے ہیں.

کانگریس نے آخری بار 1991 میں ہی سیٹ جیتی تھی، جسے منصور علی خان نے ہی جیتا تھا، اس کے بعد کانگریس مسلسل اس سیٹ پر شکست سے دوچار ہے. واضح رہے کہ کانگرس کے سربراہ راہول گاندھی اور کرینہ کپور ماضی میں کافی قریب رہے ہیں .