وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان آئندہ ماہ کے وسط میں سب ڈویژن گوجال، تحصیل ناصرآباد اور سوست کا افتتاح کرینگے، وائس چیئرمین انویسٹمنٹ بورڈ

منگل 22 جنوری 2019 16:00

گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) وائس چیرمین انویسٹمنٹ بورڈ گلگت بلتستان راجہ نظیم الامین نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن آئندہ ماہ کے وسط میں سب ڈویژن گوجال، تحصیل ناصرآباد اور سوست کا افتتاح کرینگے اور وزیر اعلیٰ کی خصوصی دلچسپی پر ہنزہ میں بڑھتی ہوئی لوڈ شیڈنگ کو مد نظر رکھتے ہوئے عطا آباد جھیل سپل وے پر ہنگامی بنیادوں پر 4 میگاواٹ بجلی گھر بنایا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ راجہ نظیم الامین نے کہا کہ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن ہنزہ کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے خصوصی اقدامات کر رہے ہیں اور یہی نہیں انشااللہ فروری کے وسط میں وزیر اعلی گلگت بلتستان اپنے اعلان کردہ وعدے کے مطابق تحصیل گوجال کو سب ڈویژن جبکہ شناکی اور سوست کو تحصیل کا باقاعدہ افتتاح کر ینگے۔

(جاری ہے)

چیرمین انوسمنٹ بورڈ گلگت بلتستان نے کہا کہ ہنزہ کی عوام اس وقت گلگت بلتستان میںسب سے زیادہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سامنا کر رہی ہے جس کی وجہ سے نہ صر ف عوام کو مشکلات کا سامنا ہے بلکہ صوبائی حکومت اور انتظامیہ بھی شدید مسائل سے دوچار ہے اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے علاقے میں بدترین لود شیڈنگ کو مد نظر رکھتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر عطاآباد جھیل سپل وے پر 4 میگاواٹ پاور منصوبے کی منظوری دی ہے جس کا ٹینڈر انشااللہ سردی کے اختتام پر ہو گا اور ایک سال سے کم عرصے میں 4میگاواٹ بجلی گھر بنایاجا ئے گا جس کے لئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان بھی خصوصی طور پر دلچسپی لے رہے ہیںجس سے عوام ہنزہ کو لوڈ شیڈنگ سے نجات دلانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ عطاآباد سپل وے پر بننے والی بجلی گھر سے صوبائی حکومت کی جانب سے دیئے جانے والے کروڑں روپے بھی بچ جائیں گے جوتھرمل بجلی پیدا کرنے کے لیے خرچ ہوتے تھے۔ وائس چیرمین نے مزید کہا کہ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حافیظ الرحمن کی کوششوں کی بدولت بجلی کی کی لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کے لئے آئندہ ایک سال کے اندر میگا پروجیکٹ پر کام کا آغاز کر دیا جائے گا جس کی تکمیل سے نہ صرف ضلع ہنزہ اور نگر بلکہ گلگت تک بھی بجلی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔

متعلقہ عنوان :