فیصل آباد ترقیاتی ادارہ کا اربوں روپے کی لاگت سے 4 میگا پراجیکٹس پر عملدرآمد کا اعلان

1350ملین کی لاگت سے کشمیر پل انڈر پاس، 487 ملین کی لاگت سے سپورٹس کمپلیکس،346ملین کی لاگت سے آر بی کینال سروس روڈ اور 695 ملین کی لاگت سے فیصل آباد لنک روڈز ڈویلپمنٹ پروگرام مکمل کیا جائے گا، ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے

منگل 22 جنوری 2019 16:00

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) فیصل آباد ترقیاتی ادارہ نے اربوں روپے کی لاگت سے 4میگا پراجیکٹس پر عملدرآمد کا اعلان کردیا ہے جس کے تحت 1350ملین کی لاگت سے کشمیر پل انڈر پاس، 487ملین کی لاگت سے سپورٹس کمپلیکس ،346ملین کی لاگت سے آر بی کینال سروس روڈ اور 695ملین کی لاگت سے فیصل آباد لنک روڈز ڈویلپمنٹ پروگرام مکمل کیا جائے گا۔

ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے فیصل آباد عامر عزیز نے منگل کے روز اے پی پی کو بتایاکہ کینال روڈ فیصل آباد پر کشمیر پل انڈر پاس کی تعمیر کے منصوبے پر بھر پور طریقے سے عملدرآمد جاری ہے اور اس منصوبہ کو 1350ملین روپے کی لاگت سے 18ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔ انہوںنے بتایاکہ ایف ڈی اے سٹی کو مزید جازب نظر بنانے اور وہاں کے رہائشیوں کی آئوٹ ڈور سرگرمیوں کیلئے سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر شروع کی جار ہی ہے جبکہ 487ملین روپے کی خطیر رقم سے یہ منصوبہ ڈیڑھ سال میں پایہ تکمیل کو پہنچے گا جس سے فیصل آباد کے شہریوں کو بین الاقوامی معیار کی کھیلوں کی سہولیات دستیاب ہو سکیں گی۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ آر بی کینال کے ساتھ ساتھ سروس روڈ کی تعمیر کا منصوبہ بھی شروع کیا جا رہا ہے جسے ایک سال کی مختصر مدت میں 346ملین روپے کے تخمینہ سے مکمل کیا جائے گا تاکہ شہریوں کی سفری سہولت میں مزید آسانی ہو سکے۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے مزید بتایاکہ فیصل آباد لنک روڈز ڈویلپمنٹ پروگرام پر فیز ٹو میں 695ملین روپے سے زائد کی رقم خرچ کی جا رہی ہے جس کا مقصد شہریوں کی سفری سہولیات میں آسانی اور فارم تا مارکیٹ ٹرانسپورٹیشن کے ذرائع کو آسان بنانے کے ساتھ ساتھ شہر کی اندرونی مین شاہرات پر ٹریفک کے دبائو کو کم کرنا ہے۔

انہوںنے بتایاکہ فیصل آباد ترقیاتی ادارہ مذکورہ میگا پراجیکٹس کے علاوہ شہریوں کی سہولت کیلئے کئی دیگر چھوٹے پراجیکٹس بھی جاری رکھے ہوئے ہے جس کے باعث فیصل آباد کو جلد صوبہ کا مثالی شہر بنا دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :