Live Updates

آشیانہ ہا ئوسنگ، رمضان شوگر ملز کیس، شہباز شریف نے ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی

منگل 22 جنوری 2019 16:00

لاہور۔22 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمد شہباز شریف نے آشیانہ ہا ئوسنگ سکیم اور رمضان شوگر ملز کیس میں ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔ شہباز شریف نے اپنے وکیل اعظم نذیر تارڑ اور امجد پرویز کی وساطت سے درخواستیں دائر کیں جن میں وفاقی حکومت اور نیب کو فریق بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب نے قانون کے منافی کیس بنا کر گرفتار کیا جبکہ وہ کسی بھی قسم کی کرپشن میں ملوث نہیں رہے، جو بھی کیا آئین اور قانون کے مطابق کیا۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ نیب نے سیاسی بنیادوں پر کیس بنایا ہے اور آج تک کوئی ٹھوس شواہد پیش نہیں کرسکی۔ درخواست گزار کے مطابق ان کی طبیعت خراب ہے اور وہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں اس لئے طبی وجوہات کی بنا ء پر بھی ان کی رہائی ضروری ہے۔ شہباز شریف کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت انھیں دونوں کیسز میں ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات جاری کرے۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات