Live Updates

وزیراعظم عمران خان کی امیر قطر سے ملاقات

4 ارب ڈالر کی ایل این جی ادھار دینے اور قیمت پر نظرثانی کرنے کی تجویز

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 22 جنوری 2019 16:05

وزیراعظم عمران خان کی امیر قطر سے ملاقات
دوحا(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22 جنوری۔2019ء) وزیراعظم عمران خان نے امیرقطر امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ون آن ون ملاقات کی، ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان قطر سے 4 ارب ڈالر ادھار ایل این جی دینے اور ایل این جی کی قیمت کے تعین پر نظرثانی کرنے کی تجویز پیش کرے گا. تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اپنے وفد کے ہمراہ دیوان امیری پہنچے تو قطر کے امیرشیخ تمیم بن حمدالثانی نے وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا، ان کے اعزاز میں دیوان امیری میں استقبالیہ دیا گیا.

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان کی قطرکےامیرشیخ تمیم بن حمدالثانی سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سے متعلق امورپربات چیت ہوئی جبکہ امیرقطر نے وزیراعظم عمران خان کے اعزازمیں ظہرانہ دیا، ظہرانے کے بعد وزیراعظم امیرقطر کے والد سے بھی ملاقات کریں گے. ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں پاکستان قطر سے چارارب ڈالرادھارایل این جی دینے اورایل این جی کی قیمت کے تعین پرنظرثانی کرنے کی تجویز پیش کرے گا، ایل این جی موخر ادائیگی پر ترسیل پر بات ہوگی،تجارتی حجم بڑھایا جائے گا اور ایل این جی کی نظرثانی شدہ قیمتوں کو پبلک نہیں کیا جائےگا.

ذرائع کے مطابق پاکستان فیفا ورلڈکپ 2022 کے لئے ایک لاکھ نوکریوں کا کوٹہ دینے کی درخواست بھی کرے گا. ظہرانے کے بعد وزیراعظم کی امیرقطر کے والد سے بھی ملاقات شیڈول ہیں. گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان دو روزہ سرکاری دورے پر قطر پہنچے تو قطر کے نائب وزیر خارجہ سلطان بن سعد نے استقبال کیا، دوحا میں میڈیا سے گفتگو میں عمران خان نے کہا تھا دورہ قطر انتہائی اہمیت کا حامل ہے، قطراور پاکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں.

وزیراعظم عمران خان نے قطری ہم منصب عبداللہ بن ناصر بن خلیفہ الثانی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا. قطری وزیر اعظم کی جانب سے عمران خان اور وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا. دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان کی چیئرمین قطری بزنس ایسوسی ایشن کے وفد اور فیفا ورلڈ کپ پر مشتمل سپریم کمیٹی کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات بھی شیڈول ہیں جبکہ چیئرمین قطر چیمبر آف کامرس اور این بی کے گروپ کے سربراہ سے بھی ملاقات کریں گے، ملاقاتوں میں پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے راغب کیاجائے گا.

وزیراعظم قطرسرمایہ کاری اتھارٹی کے سربراہ سے بھی ملیں گے جبکہ قطرمیں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کریں گے بعد ازاں قطرکے مقامی وقت کے مطابق وزیراعظم 7 بجے پاکستان کے لئے روانہ ہوں گے.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات