چیچہ وطنی، کمشنر ساہیوالڈویژن کی ہدایت پر ماہر انجینئرز کی ٹیم کا نیازی اوور ہیڈ بر ج کا معائنہ

منگل 22 جنوری 2019 16:40

چیچہ وطنی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) کمشنر ساہیوال ڈویژن عارف انو ر بلوچ کی ہدایت پر ماہر انجینئرز کی ٹیم نے نیازی اوور ہیڈ بر ج کا معائنہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق نہر لوئر باری دو آب کی سالانہ بندش پر ساہیوال شہر میں ہائی سٹریٹ کو پاکپتن چوک سے ملانے والے نیازی اوور ہیڈ بیرج کے پائلز میں خرابی کی نشاندہی ہوئی، جس پر پل کو ہیوی ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

میڈیا پر آنے والی رپورٹس پر نوٹس لیتے ہوئے کمشنر ساہیوال ڈویژن نے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کو فوری اقدامات کی ہدایت کی جس پر کراچی کی انجینئرنگ کمپنی اے اے ایسوسی ایشن کے ماہرین کی ٹیم نے انجینئر عامر خان کی سربراہی میں پل کا تفصیلی معائنہ کیا ۔ایڈیشنل کمشنر کو آرڈینیشن چوہدری عبدالغفور کے مطابق ٹیم نے ابتدائی رپورٹ میں پل کو ٹریفک کے لئے محفوظ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ کسی قسم کے نقصان کا کوئی اندیشہ نہیں ۔ٹیم نے تفصیلی رپورٹ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کو سفارشات کے ساتھ بجھوانے کا عندیہ دیا ہے تا کہ مستقبل میں پل کو مزید نقصان سے بچانے کے لئے مرمت کی جا سکے ۔