Live Updates

’آئیں زندگی کی قدر کریں اور الله تعالیٰ کی اس عظیم نعمت کے حوالہ سے زیادہ محتاط رویے اختیار کریں‘‘

وزیراعظم عمران خان کا لسبیلہ ٹریفک حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار

منگل 22 جنوری 2019 17:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) وزیراعظم عمران خان نے ڈسٹرکٹ لسبیلہ میں ٹریفک کے المناک حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ منگل کو اپنے تعزیتی بیان میں وزیراعظم نے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ الله تعالیٰ انہیں یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطاء فرمائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے حادثہ کے زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ایسے افسوسناک واقعات ہم سے اپنی اور دوسروں کی حفاظت کیلئے ٹریفک قوانین و ضابطوں کی پابندی کے حوالہ سے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کا تقاضا کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے ٹریفک سے متعلق حادثات قوانین کو نظر انداز کرنے یا گاڑیوں کی سیفٹی کا معیار نہ ہونے کی وجہ سے رونما ہوتے ہیں جن میں کسی بھی دوسری آفت سے زیادہ نقصانات پیش آتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئیں زندگی کی قدر کریں اور الله تعالیٰ کی اس عظیم نعمت کے حوالہ سے زیادہ محتاط رویے اختیار کریں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات