قومی اسمبلی: اپوزیشن کا منی بجٹ پرمتفقہ حکمت عملی بنانےکا فیصلہ

شہبازشریف کاعدالتی فیصلے پر اظہار اطمینان، اپوزیشن نے ایک بار پھرمتفقہ فیصلے کرنے پر اتفاق کیا،اپوزیشن لیڈرقومی اسمبلی شہبازشریف او سید خورشید شاہ کے درمیان ملاقات

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 22 جنوری 2019 17:19

قومی اسمبلی: اپوزیشن کا منی بجٹ پرمتفقہ حکمت عملی بنانےکا فیصلہ
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 جنوری2019ء) قومی اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے منی بجٹ پر متفقہ حکمت عملی بنانے کا فیصلہ کرلیا،شہبازشریف نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے پر اظہار اطمینان کیا ہے،انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے ایک بار پھرمتفقہ فیصلے کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہبازشریف اور پیپلزپارٹی کے رہنماء سید خورشید شاہ کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔

ملاقات میں سیاسی اور پارلیمانی ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پرشہبازشریف نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیئرمین پی اے سی کیخلاف درخواست مسترد ہونے پر اظہار اطمینان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی اے سی کیخلاف درخواست مسترد کرنے پرعدالت کے مشکور ہیں ۔

(جاری ہے)

شہبازشریف نے میڈیاکو بتایا کہ اجلاس میں ایک بار متفقہ فیصلے کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

سید خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت چھ ماہ میں تیسرا بجٹ لارہی ہے۔اپوزیشن جماعتیں منی بجٹ سے متعلق اپنے تحفظات کا اظہار کریں گی۔ حکومت ملکوں ملکوں بھیک مانگ رہی ہے۔حکومت کی مشترکہ کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا۔ دوسری جانب شہبازشریف کا کہنا ہے کہ معصوم بچے نے بیان دے کرساہیوال واقعے کا پول کھول دیا ہے۔ معصوم بچوں نے پول کھول دیا اور بتایا کہ والد نے ہاتھ جوڑ کر کہا نہ مارو پیسے لے لو۔

کار کو چیک کرنےوالوں کا لباس غیر رسمی تھا۔ اگر کار میں دہشتگردوں کی موجودگی یااسلحے کا شبہ تھا تو چیک کیوں نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤ ن کے واقعے کو سیاسی بنایا گیا۔ زینب کے واقعے پر بھی سیاست چمکائی گئی۔ اس دوران کے پی میں بھی بچیوں سے زیادتی کے دو واقعات ہوئے۔ ساہیوال واقعے ہو کوئی سیاست نہیں کرنا چاہتے۔ ہم ان کی طرح دھرنے نہیں دیں گے لیکن ہم ان کوچین سے بیٹھنے بھی نہیں دیں گے، جب تک یہ قوم کوحقائق نہیں بتاتے۔

میاں شہبازشریف نے کہا کہ یہ بہت سنگین واقعہ ہے۔بدترین سفاکی ہوئی ہے۔ہم نے تحریک التواء جمع کروائی ہے۔واقعے پر کمیٹی بنائی جائے تاکہ جے آئی ٹی کے حقائق قوم کے سامنے آسکیں۔معصوم بچوں کے ماں باپ کوان کی آنکھوں کے سامنے قتل کردیا گیا۔معصوم بچے قیامت تک اپنے ماں باپ کا انتظار کریں گے جو کبھی واپس نہیں آئیں گے۔