درختوں کی کٹائی سے پیدا ہونے والی صورت حال فوری توجہ طلب اور تشویش ناک ہے،ڈپٹی ڈائریکٹرپی ایچ اے

منگل 22 جنوری 2019 17:20

سرگودھا۔22جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء)گلوبل وارمنگ کے نتیجہ میں ماحولیاتی تبدیلی اور مسلسل درختوں کی کٹائی سے پیدا ہونے والی صورت حال فوری توجہ طلب اور تشویش ناک ہے۔پارکس اینڈ ہارٹیکلچراتھارٹی( پی ایچ ای) اس حوالہ سے ہنگامی بنیادوں پر مصروف عمل ہے۔ آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لئے ہمیں اجتماعی کردار ادا کرنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی ڈائریکٹر ہارٹی کلچر پی ایچ اے میاں طاہر جمیل نے صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو صحت مندانہ ماحول و مستقبل کی فراہمی کے لئے ہم پرانے پودوں کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ نئے پودے اور درخت لگا رہے ہیں تاکہ ماحولیاتی آلودگی کے عفریت کو شکست دیتے ہوئے لوگوں کو صحت افزاء آب و ہوا کی فراہمی ممکن بنائی جاسکے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹر ہارٹی کلچر پی ایچ اے میاں طاہر جمیل نے مزید کہا کہ ماحول کی ابتر صورتِ حال کی نشاندہی کرتی الارمنگ پوزیشن میں پی ایچ اے پارکس کی تزئین و آرائش کے ساتھ ساتھ اہم مقامات اور شاہراہوں پر کثیر تعداد میں نئے پودے اور درخت لگارہی ہے تاکہ حالات کی بہتری کو ممکن بناتے ہوئے سنگین صورت ِحال پر کنٹرول برقرار رکھا جاسکے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ہارٹی کلچر پی ایچ اے میاں طاہر جمیل نے کہا کہ پی ایچ اے اس سلسلہ میں عوام میں شعور کی بیداری یقینی بناتے ہوئے بھرپور انداز میں مصروف ِعمل ہے تاکہ اجتماعی جدوجہد کی جاسکے اور معاشرہ میں بسنے والے افراد کی صحت پر موجود خطرات دور ہوجائیں اور ہم ایک صحت مند و متوازن معاشرہ کی تشکیل یقینی بناسکیں۔