ہنگو میں گیس پریشر کی کمی نے عوام کا جینا دشوار بنا دیا

منگل 22 جنوری 2019 17:30

ہنگو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) ہنگو میں گیس پریشر کی کمی نے عوام کا جینا دشوار بنا دیاہے،24گھنٹوں میں سے صرف چار گھنٹے گیس آتی ہے، اور ہزارو روپے ماہانہ بل ادا کر رہے ہیں ، ایم این اے اور ایم پی اے گیس پائپوں کے اعلانات کر کے عوام کو بے وقوف نہ بنائیں، جن لوگوں کو گیس کے کنکشن دئیے گئے ہیں صرف ان کو گیس فراہم کر دیں یہ بہت بڑی خدمت ہو گی ، ان خیالات ک اظہار ملک سیف الرحمان اورکزئی نے اخباری بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پورے ضلع میں کہیں بھی گیس فراہم نہیں کی جا رہی ، عید گاہ کے صارفین اور عوام گیس نہ ہونے کی وجہ سے سراپا احتجاج ہے ، گیس پریشر ڈیڈھ پوائنٹ سے بھی نیچھے چلا گیا ہے ،ہنگو میں گیس کے پانچ کنوے ریکارڈ پر پروڈکشن دے رہے ہیں لیکن یہ گیس ہنگو کے عوام کو کسی قسم کا ریلیف نہیں دے سکی، ملک سیف الرحمان اورکزئی نے محکمہ سوئی گیس کی رویہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہنگو میں برائے نام گیس کا دفتر قائم ہے اور وہاں پر کوئی بھی ایسا ذمہ دار آفیسر موجود نہیں جو ہنگو کی عوام کی تکلیف کو دور کر سکے ، لوگوں کو اضافی بل بھیج دئیے جاتے ہیں اور پھر بلوں کو صحیح کرنے کے لئے کوہاٹ اور پشاور کے چکر کاٹنا صارفین کا مقدر بن جاتا ہے،انہوں نے ایم این اے حاجی خیال زمان سے اپیل کی کہ وہ ہنگو کے عوام پر رحم کریں اور ہنگو کے عوام کو گیس کے مسئلے میں جن مشکلات کا سامنا ہے انہیں دور کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں یہ ان کی ذمہ داری ہے ،ملک سیف الرحمان اورکزئی نے خبر دار کیا کہ اگر تین دن کے اندر اندر گیس پریشر کا مسئلہ حل نہ کیا گیا تو شدید احتجاج کریں گے ۔