Live Updates

صوبائی وزیر مراد راس کی لندن میں منعقدہ ایجوکیشن ورلڈ فورم 2019ء میں خصوصی شرکت

مراد راس کی منسٹر آف سٹیٹ فار انٹر نیشنل ڈویلپمنٹ الیسٹیر برٹ سے تعلیمی امور پر ملاقات ایجوکیشن سیکٹر میں پنجاب حکومت کی جانب سے متعارف کروائی گئی جدید اصلاحات پر تبادلہ خیال

منگل 22 جنوری 2019 17:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2019ء) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس نے لندن میں منعقدہ ایجوکیشن ورلڈ فورم 2019ء میں شرکت کے موقع پر پاکستانی وفد کے ہمراہ مختلف عالمی ماہرین تعلیم ، این جی اوز اور شعبہ تعلیم میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے جدت متعارف کروانے والے کمپیوٹر ایکسپرٹس سے ملاقاتیں کیں۔ پاکستانی وفد کی قیادت وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کر رہے ہیں جبکہ دیگر صوبوں کے وزرائے تعلیم بھی وفد میں شامل ہیں۔

پاکستانی وفد نے برطانیہ کے منسٹر آف سٹیٹ فار انٹر نیشنل ڈویلپمنٹ الیسٹیر برٹ سے ملاقات کے دوران پاکستان تحریک انصاف حکومت کی جانب سے ایجوکیشن سیکٹر میں متعارف کروائی جانے والی جدید اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس نے پنجاب حکومت کی جانب سے’’دی نیو ڈیل فار پنجاب‘‘ کے تحت ایجوکیشنل ریفامز کے جامع پروگرام سے متعلق بتایا۔

انہوں نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصدصوبہ پنجاب میں سکول ایجوکیشن سیکٹرمیں تعلیم کے معیار کو عالمی تقاضوں کے مطابق ڈھالنا ہے۔اس طرح بین الاقوامی ماڈلز کو اپناتے ہوئے دنیا بھر میں رونما ہونے والی تعلیمی تبدیلیوں سے طالبعلموں کو متواتر آگاہی حاصل ہو گی جس سے وہ بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے۔اس موقع پر صوبائی وزیر مراد راس نے ایجوکیشن ورلڈ فورم میں مختلف عالمی تنظیموں کی جانب سے متعارف کروائی جانے والی تعلیمی اصلا حات اور ایجوکیشنل ٹیکنالوجی سے بھی آگاہی حاصل کی۔

مزید براںصوبائی وزیر مراد راس نے کیمبرج یونیورسٹی کی فیکلٹی آف ایجوکیشن سے بھی ملاقات کی اور محکمہ سکولز ایجوکیشن کے زیر اہتمام کام کرنے والے اداروں میں متعارف کروائی جانے والی جدید اصلاحات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔واضح رہے کہ ایجوکیشن ورلڈ فورم کا انعقاد مختلف برطانوی اداروں کے اشتراک سے کیا گیا ہے جس کا مقصد نظام تعلیم میں کیے گئے تجربات کا جائزہ لیناہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات