بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ملازمین کے لئے فریضہ حج 2019 ء کی قرعہ اندازی کا انعقاد کیاگیا

30 خوش نصیب ملازمین کے نام نکالے گئے جنہیں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے خرچ پر اس سال فریضہ حج کی سعادت حاصل ہوگی

منگل 22 جنوری 2019 17:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2019ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ملازمین کے لئے فریضہ حج 2019 ء کی قرعہ اندازی منگل کی سہ پہر صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں منعقد ہوئی جس میں 30 خوش نصیب ملازمین کے نام نکالے گئے جنہیں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے خرچ پر اس سال فریضہ حج کی سعادت حاصل ہوگی، ان ملازمین میں گریڈ 1 تا 15 کے 21 ملازمین جبکہ گریڈ 16 اور اس سے زائد کے 9افسران شامل ہیں جبکہ ویٹنگ لسٹ میں گریڈ 1 تا 16 کے چھ اور گریڈ 1 تا 15 کے 12 ملازمین کے نام بھی قرعہ اندازی میں نکالے گئے جنہیں ریگولر قرعہ اندازی میں نکالے گئے ناموں میں سے کسی ملازم کی جگہ موقع دیا جاسکتا ہے، قرعہ اندازی کے لئے محکمہ مذہبی امور کو گریڈ 1 تا 16 کے افسران کی 250 اور گریڈ 1 تا 15 کے ملازمین کی ایک ہزار درخواستیں موصول ہوئی تھیں، خوش نصیب ملازمین میں محکمہ فائربریگیڈ کے مشتاق علی، محمد اصغر خان، محمد سلیم، عدنان حسین، محمد انیس، محکمہ انجینئرنگ کے عابد علی، محمد افتخار، محمدجاوید، صغیر احمد، محمد زاہد، محکمہ قانون کے مشتاق احمد، محمد ادریس، محکمہ سیکورٹی کے منیر خان، شبیر احمد، محمد اظہر خان، محکمہ میڈیکل اینڈ ہیلتھ کے جہانزیب اقبال، ڈاکٹر خلیل احمد، سلمیٰ زاہد، نائلہ صغیر، عتیق انور، محکمہ فوڈ کے عادل رفیق، محمد طارق، محکمہ کونسل کے محمد فہیم، محکمہ کچی آبادی کے محمد حسین اور محمد ایوب،محکمہ سی ایس اینڈ آرکے متین خان، محکمہ ریکریشن (زو)کے محمد عارفین، محکمہ اراضیات کے یوسف رحمان، محکمہ چارجڈ پارکنگ کے جاوید عثمان اور محکمہ مذہبی امور کے حفیظ اللہ خان شامل ہیں جبکہ ویٹنگ لسٹ میں محکمہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے ریاض احمد، محکمہ قانون کی عذرا مقیم، محکمہ کچی آبادی کے نجیب الرحمن، محکمہ انجینئرنگ کے شوکت حسین، CIIM کے حسین شاہ ، پے رول ڈپارٹمنٹ کے عبدالقادر، محکمہ MPH کے غلام ربانی، محکمہ پارکس کے محمد اسلم، محمد صادق، سہیل واجد، محکمہ فائربریگیڈ کے عبدالقادر، ناصر احمد، سید عثمان، محکمہ ویٹرنری کے میانزادہ، غلام فاروق، محکمہ ایچ آر ایم کے محمد ادریس ، محکمہ برتھ اینڈ ڈیتھ کے شاہد احمد اور میئرسیکریٹریٹ کے صابر احمد کے نام نکالے گئے، تقریب کے مہمان خصوصی سٹی کونسل کے پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی تھے جبکہ اس موقع پر چیئرمین پارکس کمیٹی خرم فرحان ، چیئرمین میڈیا مینجمنٹ صبحین غوری، چیئرمین جائیداد (اسٹیٹ) کمیٹی ناصر خان تیموری، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن مسعود عالم اور سینئر ڈائریکٹر مذہبی امور وسیم باقری بھی موجود تھے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی اسلم شاہ آفرید ی نے فریضہ حج کی سعادت کا موقع پانے والے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ملازمین کو مبارکباد دی اور ان سے کہا کہ وہ حجاز مقدس جا کر ملک و قوم اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کریں، انہوں نے کہا کہ اس قرعہ اندازی میں نچلے گریڈ کے ان ملازمین کو حج کا موقع دیا جانا نہایت خوشی کی بات ہے جو حج پر جانے کی استطاعت نہیں رکھتے جبکہ افسران کے لئے بھی یہ نہایت خوشی کی بات ہے ، انہوں نے کہا کہ فریضہ حج کی ادائیگی ہر مسلمان کے لئے فخر اور اعزاز کی بات ہے ، خوش نصیب ہیں وہ لوگ جنہیں رب العزت اپنے گھر پر بلاتا ہے لہٰذا حج کی سعادت حاصل کرنے والے اس کے لئے اپنے رب کا جتنا شکر ادا کریں کم ہے، حج کے موقع پر اپنے گھر والوں ، عزیز، دوستوں اور دفتر کے ساتھیوں کو بھی اپنی دعائوں میں یاد رکھیں کہ خانہ کعبہ میں مانگی گئیں دعائیں شرف قبولیت حاصل کرتی ہیں، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی ہر سال اپنے ان ملازمین کو بذریعہ قرعہ اندازی حج کی سعادت کے لئے سعودی عرب بھیجتی ہے جن کی عمر 40 سال سے زیادہ ہے اور جو بلدیہ عظمیٰ کراچی میں ملازمت کے کم از کم 10 سال پورے کرچکے ہیں، اب تک بہت سے ملازمین فریضہ حج کی سعادت حاصل کرچکے ہیں اور یہ سلسلہ جاری ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ملازمین اپنے ادارے کو خوب سے خوب تر بنانے کے لئے کوششیں جاری رکھیں اور جو بھی ذمہ داری انہیں دی گئی ہے اسے پوری ایمانداری اور خلوص دل کے ساتھ پورا کریں، فریضہ حج کی سعادت حاصل کرنے والے ملازمین حجاز مقدس میں اپنے ادارے ، شہر اور ملک کے سفیر ہیں لہٰذا وہ اپنے مثالی رویے کے ذریعے اس سفر کو یادگار بنائیں، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ آپ کا حج قبول فرمائے اور ہم سب کو بہتر مسلمان بننے کی توفیق عطا فرمائے۔