ملاکنڈ، ہماری زندگی عوام کی خدمت کے لئے وقف ہے، پیر قدیم خان(آف قالدرہ)

منگل 22 جنوری 2019 18:10

ملاکنڈ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) ممبر تحصیل کونسل درگئی اور قوم پیران سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیت پیر قدیم خان(آف قالدرہ) نے کہا ہے کہ ہماری زندگی عوام کے خدمت کے لئے وقف ہے اور عوام کے خدمت کے لئے ہمارے دروازے دن رات کھلے ہیں ۔کبھی کُرسی یا ذاتی مفادات کے لئے سیاست نہیں کی بلکہ سیاست کا اصل مقصد غریب عوام کے حقوق کے لئے اسمبلی فلور پر آواز اُٹھانا ہے جس کے لئے حلقہ نیابت نے مجھے منتخب کرکے اعتماد کیا ہے ۔

(جاری ہے)

ممبر تحصیل کونسل پیر قدیم خان نے کہا کہ ہمیشہ کوشش کی ہے کہ عوام کی بے لوث اور بغیر لالچ کے خدمت کروں اور الله تعالیٰ کا لاکھ لاکھ مشکور ہوں کہ آج تک عوام کے خدمت سے غافل نہیں رہا ۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار اور کُرسی آنی جانی چیز ہے جبکہ اصل کام دکھی انسانیت کی خدمت اور علاقے کے مسائل کے حل کے لئے جدوجہد کرنا ہے ۔ پیر قدیم خان نے کہا کہ سیاسی مفادات اور ذاتی آغراض و مقاصد کے لئے بھاگ دوڑ کرنے والے کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے اور نہ ہی عوام ان پر اعتماد کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ نیابت کے عوام اور بالخصوص نوجوانوں کی مکمل حمایت مجھے حاصل ہے اور انشاء ا لله اس حمایت اور اعتماد کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچائونگا ۔