گزشتہ مالی سال کے دوران 10 ہزار 847 نئی گاڑیاں درآمد کی گئیں، نئے ایس آر او کے تحت درآمدی گاڑیوں کی ادائیگیاں بینکوں کے ذریعے فارن ایکس چینج میں ہو گی، ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کا جواب

منگل 22 جنوری 2019 18:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) ایوان بالا کو بتایا گیا ہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران مجموعی طور پر 10 ہزار 847 نئی گاڑیوں کی درآمد کی گئی، نئے ایس آر او کے تحت درآمدی گاڑیوں کی ادائیگیاں بینکوں کے ذریعے فارن ایکس چینج میں ہو گی۔ منگل کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر طلحہ محمود کے سوال پر وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران مجموعی طور پر 10 ہزار 847 گاڑیوں کی درآمد کی گئی، مالی سال 2016-17ء میں 12 ہزار 315، مالی سال 2015-16ء میں پانچ ہزار 593، مالی سال 2014-15ء میں 5 ہزار 797 اور مالی سال 2013-14ء میں 7 ہزار 143 نئی گاڑیاں درآمد کی گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ اسی طرح گزشتہ مالی سال کے دوران مجموعی طور پر 73 ہزار ایک استعمال شدہ اور پرانی گاڑیوں کی درآمد کی گئیں، مالی سال 2016-17ء میں 64 ہزار 762، مالی سال 2015-16ء میں 54 ہزار 328، مالی سال 2014-15ء میں 44 ہزار 131 اور مالی سال 2013-14ء میں 33 ہزار 665 پرانی اور استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد ہوئی۔

(جاری ہے)

عتیق شیخ کے ضمنی سوال پر انہوں نے ایوان کو بتایا کہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے کے فیصلے اور نئے ایس آر او کے اجراء کے بعد اب درآمدی گاڑیوں کی ادائیگی بینکوں کے ذریعے فارن ایکس چینج میں ہو گی جبکہ منی ٹریل بھی دینا ہو گا۔

متعلقہ عنوان :