فاٹا کو 100 ارب روپے کا پیکیج جلد دیا جائے گا، سپریم کورٹ نے صوبائی حکومت کو کام مکمل کرنے کے لئے چھ ماہ کا وقت دیا ہے، وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان کا سینیٹ میں جواب

منگل 22 جنوری 2019 18:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ فاٹا کو 100 ارب روپے کا پیکج جلد دیا جائے گا، سپریم کورٹ نے صوبائی حکومت کو کام مکمل کرنے کے لئے چھ ماہ کا وقت دیا ہے، جو وعدے کئے گئے ہیں پورے کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

منگل کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران سینیٹر سراج الحق اور مشتاق احمد خان کے فاٹا عبوری گورننس ریگولیشنز کو دستور کے خلاف قرار دینے کے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے سے پیدا ہونے والی صورتحال کی جانب وزیر برائے ریاستیں و سرحدی علاقہ جات کی توجہ مبذول کرانے کے نوٹس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کو فاٹا کے عوام کی مشکلات کا احساس ہے، وہاں دہشت گردی کی صورتحال کے باعث عوام بے پناہ متاثر ہوئے، گزشتہ اسمبلی نے فاٹا ریفارمز کا زبردست کام کیا، فاٹا کے لئے سب مل کر اپنا کام کریں گے، 100 ارب روپے کا پیکج جلد دیا جائے گا، اس کے علاوہ جو وعدے کئے گئے ہیں، وہ بھی پورے کئے جائیں گے۔

سپریم کورٹ نے صوبائی حکومت کو چھ ماہ کا وقت دیا ہے، جب تک نئے رولز بنتے ہیں موجودہ رولز اطلاق رہیں گے۔