مقبوضہ کشمیر‘ بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں دو اور کشمیری نوجوان شہید

قابض فوجیوںنے نوجوانوںکو ضلع کے علاقے حیف شیر مال میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران شہید کیا

منگل 22 جنوری 2019 18:50

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2019ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوںنے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران منگل کے روز ضلع شوپیاں میں دو اور نوجوانوںکو شہید کردیا ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق قابض فوجیوںنے نوجوانوںکو ضلع کے علاقے حیف شیر مال میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں فوجی کارروائی جاری تھی ۔

(جاری ہے)

ادھر شدید بارشوں اور برفباری کے باوجود لوگوںنے سڑکوں پرنکل کر نوجوانوںکے قتل کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے کئے ۔ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروںنے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس اور پیلٹ گنز کا بے دریغ استعمال کیا جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔قابض انتظامیہ نے علاقے میں موبائیل انٹرنیٹ بھی معطل کر دیا ہے ۔دریں اثناء فوجیوںنے ضلع بارہمولہ میں رفیع آباد کے علاقے ڈنڈوسہ میں گھر گھر تلاشی کی کارروائی کے دوران متعدد گھروں میں زبردستی داخل ہو کر مکینوں کو ہراساں کیا۔