مقبوضہ کشمیر‘ بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں تین اور کشمیری نوجوان شہید

مظاہرین پر طاقت کاوحشیانہ استعمال ، چار فوٹو جرنلسٹس اور متعد د افراد زخمی

منگل 22 جنوری 2019 18:50

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2019ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوںنے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران منگل کو ضلع شوپیاں میںتین اور نوجوانوںکو شہید کردیا ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فوجیوںنے نوجوانوںکو ضلع کے علاقے حیف شیر مال میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ مظاہروںکی کوریج کرنے والے کم سے کم چار فوٹو جرنلسٹس بھی پیلٹ گنز کی فائرنگ سے زخمی ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں فوجی کارروائی جاری تھی ۔ادھر شدید بارشوں اور برفباری کے باوجود لوگوںنے سڑکوں پرنکل کر نوجوانوںکے قتل کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے کئے ۔ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروںنے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس اور پیلٹ گنز کا بے دریغ استعمال کیا جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔قابض انتظامیہ نے علاقے میں موبائیل انٹرنیٹ بھی معطل کر دیا ہے ۔دریں اثناء فوجیوںنے ضلع بارہمولہ میں رفیع آباد کے علاقے ڈنڈوسہ میں گھر گھر تلاشی کی کارروائی کے دوران متعدد گھروں میں زبردستی داخل ہو کر مکینوں کو ہراساں کیا۔