کاسمیٹکس کی تمام مصنوعات کا مشترکہ سٹینڈرڈ فائنل کر لیا گیا،منظوری کے بعد بہت جلد نافذ کر دیا جائیگا ‘ڈاکٹر عبدالمالک

بیوٹی، ہیئر ریموونگ، موسچرائزنگ کریمیں،لپ سٹک، نیل پالش،پاڈر کیلئے مشترکہ سٹینڈرڈ تیار،معیار پر پورا نہ اترنے والی کاسمیٹکس کا دور ختم کمپنیوں کو پی ایس کیو سی اے کا لائسنس لینا ہوگا، ملک میں انٹرنیشنل سٹینڈرڈ کے مطابق مصنوعات کی فراہمی اولین ترجیح ہے،عبدالعلیم میمن

منگل 22 جنوری 2019 18:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2019ء) کاسمیٹکس کی تمام مصنوعات جن میں بیوٹی،ہیئر ریموونگ، موسچرائزنگ کریمیں ، لوشن، جیل، لپ سٹک، نیل پالش،ہیئر آئل شامل ہیں،کیلئے یکساں سٹینڈرڈ فائنل کر لیا گیا،نیشنل سٹینڈرڈ کمیٹی کی منظوری کے بعد بہت جلد نافذ کر دیا جائیگا۔ٹیکنیکل کمیٹی فار کاسمیٹکس کا دو روزہ اجلاس گزشتہ روز پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (پی ایس کیو سی ای)کے زونل آفس لاہور میں کامیابی کے ساتھ ختم ہوگیا۔

جسکی صدارت چیئر مین ٹیکنیکل کمیٹی ڈاکٹر عبدالمالک نے کی جبکہ سیکرٹری کمیٹی فیروزالدین (اسسٹنٹ ڈائریکٹر پی ایس کیو سی ای)، ڈائریکٹرپی ایس کیو سی اے ،سٹینڈرڈ ڈویلپمنٹ سنٹر ڈاکٹر شہزاد افضل، ڈپٹی ڈائریکٹر اصغر علی،اسسٹنٹ ڈائریکٹرز نعمان خالق،بلال احمد، عزیز الرحمان، چیئر مین پاکستان کاسمیٹکس ایسوسی ایشن (پی سی ایم ای) میاں محمد شفیق کے علاوہ چاروں صوبوں سے تمام سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

دو روزہ اجلاس میں کاسمیٹکس مصنوعات کے یکساں معیار کی تیاری کیلئے تفصیل سے بحث کی گئی ،اورجعلی مصنوعات کی تیاری کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا گیا۔سرخی،ٹیلکم پاڈر،رنگ گورا کرنے والی کریمیں، چہرے کو نمدار کرنیوالی کریمیں، بال ختم کرنیوالی کریمیں،نیل پالش، ہیر آئل اور مختلف اقسام کے لوشن اور جیلز(jells)،کیلئے مشترکہ معیار اپنانے پر اتفاق کیا گیا اور یکساں سٹینڈرڈ تیار کر کے نیشنل سٹینڈرڈ کمیٹی کو فائنل منظوری کیلئے بھجوا دیا گیا۔

اس موقع پر پی سی ایم اے کی طرف سے پی ایس کیو سی اے کو جعلسازوں کو پکڑنے کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی گئی۔چیئر مین کمیٹی ڈاکٹر عبدالمالک کا کہنا تھا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کے اعتراضات دور کردیئے، سٹینڈرڈ کی فائنل منظوری کے بعد کوئی رعایت نہیں بھرتی جائیگی۔سیکرٹری کمیٹی فیروزلدین نے کہا کہ یکساں سٹینڈرڈ کی منظوری سے انڈسٹری میں بہتری آئیگی۔

چیئرمین پی سی ایم اے میاں شفیق نے کہا کہ انڈسٹری کا معیار بلند کرنے کیلئے پی ایس کیو سی اے کا کردار بہترین ہے امید ہے کہ اب انڈسٹری کو اپنی مصنوعات بہتر کرنے میں تعاون جاری رکھے گا۔ ڈائریکٹر جنرل پی ایس کیو سی اے عبدالعلیم میمن نے کاسمیٹکس مصنوعات کیلئے مشترکہ سٹینڈرڈ کی تیاری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب ملک بھر میں صرف معیاری کاسمیٹکس ہی فروخت کی جا سکیں گی اورجعلسازوں کو پکڑنے میں آسانی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ دیگر روزمرہ اشیا کیلئے بھی ملک بھر میں یکساں سٹینڈرڈ اولین ترجیح ہے اور وہ دن دور نہیں جب پی ایس کیو سی اے کی مدد سے پاکستان بھر میں عالمی معیار کے مطابق اشیا کی دستیابی ممکن ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ پی ایس کیو سی اے کی طرف سے جعلی اور غیرقانونی کاسمیٹکس کے خلاف جاری کریک ڈان تیز کردیا جائیگا اور جعلی مصنوعات تیار کرنیوالوں کو صفایا کر کے ہی دم لیں گے۔