جوہرآباد،بین الاضلاعی اغواء کار گروہ کے 7ارکان پر دو الگ الگ مقدمات درج

منگل 22 جنوری 2019 18:50

جوہرآباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) پولیس نے مختلف افراد کو اغواء کرنے اور اُن سے بھاری رقوم وصول کرنے والے بین الاضلاعی گروہ کے سات ارکان کے خلاف تھانہ صدر جوہرآباد اور تھانہ جوڑا کلاں میں دو الگ الگ مقدمات درج کئے ہیں۔ ملزمان میں محکمہ ایف آئی اے کے حاضر سروس سب انسپکٹر آصف حسین، ہیڈ کانسٹیبل محمد نعیم سکنائے فیصل آباد، کانسٹیبل محمد ارشد نعیم ساکن محمدی کالونی سرگودھا ،تھانہ جوڑا کلاں خوشاب کا کانسٹیبل امجد اور تین دیگر افراد شوکت شاہ ، وصی شاہ اور ابراہیم اوڈ ساکن خوشاب شامل ہیں۔

ملزمان مختلف افراد کو سائبر کرائم کے جرم میں گرفتار کر کے فیصل آباد منتقل کر کے ان سے لاکھوں روپے بھتہ وصول کرتے تھے۔ تھانہ صدر جوہرآباد میں درج ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے زمان کالونی جوہرآباد کے رہائشی محمد شاہد کو شوگر ملز پھاٹک جوہرآباد کے قریب سے گرفتار کیا اور بعد ازاں فیصل آباد لے گئے جہاں پر انھوں نے محمد شاہد سے پندرہ لاکھ روپے کا مطالبہ کیا کافی بحث و تکرار کے بعد اڑھائی لاکھ روپے دینے کے بعد محمد شاہد کو رہائی ملی۔

(جاری ہے)

جبکہ تھانہ جوڑا کلاں میں درج ہونیوالی ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے پپلی سیداں میں ضلع کونسل خوشاب کے ملازم محبوب الہی کو سرگودھا سرگودھا جاتے ہوئے روکا اور اس پر سائبر کرائم کا الزام لگاتے ہوئے اسے ہتھکڑی لگا کر فیصل آباد لے گئے ۔ وہاں محبوب الہی نے 3لاکھ 80ہزار روپے دے کر اپنی جان بخشی کروائی۔ اغواء برائے تاوان کی ان دو سنگین وارداتوں کے بعد ڈی پی او خوشاب عبادت نثار نے مغویان محمد شاہد اور محبوب الٰہی کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف مقدمات کے اندراج کا حکم دیا اور پولیس کو ہدایت کی کہ وہ تمام ملزمان کی فی الفور گرفتاری یقینی بنائی جائے پولیس ذرائع کے مطابق ابھی تک ملزمان گرفتار نہیں ہوئے۔

متعلقہ عنوان :