اندرون وبیرون ملک مقیم پاکستانی ،کشمیری عوام 5 فروری کو مقبوضہ کشمیری بہن بھائیوں کیساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کرینگے، علی امین خان گنڈا پور

کشمیری عوام سات دہائیوں سے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں ، پاکستان کے اقدام کی وجہ سے بھارت پر عالمی دبائو میں آہستہ آہستہ اضافہ ہو رہا ہے، وفاقی وزیر کا اجلاس سے خطاب

منگل 22 جنوری 2019 19:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2019ء) وفاقی وزیر اُمورکشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پورنے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اندرون وبیرون ملک مقیم پوری پاکستانی ،کشمیری عوام 5 فروری کو اپنے مقبوضہ کشمیر کے بہنوںو بھائیوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں گے،بہادر کشمیری عوام سات دہائیوں سے زائد عرصے سے اپنے حق خود ارادیت حاصل کرنے کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں ،یہ ہر پاکستانی کا قومی فرض ہے کہ یوم یکجہتی کے موقع پراپنے مقبوضہ کشمیر کے بہنوں اور بھائیوں کیساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرے جو روزانہ پاکستان سے اپنی وابستگی کے اظہار کیلئے آٹھ لاکھ بھارتی فوج کی موجودگی میں نڈر انداز سے پاکستانی پرچم لہراتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے یہ بات پیر کو اسلام آباد میں یوم یکجہتی کشمیر کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وفاقی سیکرٹری اُمورکشمیر و گلگت بلتستان طارق محمود پاشا ، ایڈیشنل سیکرٹری اُمور کشمیر، جوائنٹ سیکرٹری اُمور کشمیر و گلگت بلتستان ، چاروں صوبوں آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے نمائندوں کے علاوہ وزارت خارجہ ، وزارت اطلاعات و نشریات ، وزارت داخلہ ، پی ٹی وی ،پیمرا ،کشمیر کمیٹی ،ایوی ایشن ڈویثرن ،سی ڈی اے و دیگر محکموں کے اعلی ٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بہادر کشمیری عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ بہادر کشمیری عوام سات دہائیوں سے زائد عرصے سے اپنے حق خود ارادیت حاصل کرنے کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ یہ ہر پاکستانی کا قومی فرض ہے کہ وہ یوم یکجہتی کے موقع پراپنے مقبوضہ کشمیر کے بہنوں اور بھائیوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں جو کہ روزانہ پاکستان سے اپنی وابستگی کے اظہار کیلئے آٹھ لاکھ بھارتی فوج کی موجودگی میں نڈر انداز سے پاکستانی پرچم لہراتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ جب سے اُن کی حکومت برسر اقتدار آئی ہے مسئلہ کشمیر کو دُنیا کے تمام اہم فورمز پر بھرپور طریقے سے اُجاگر کیا جارہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کے اقدام کی وجہ سے بھارت پر بین الاقوامی دبائو میں آہستہ آہستہ اضافہ ہو رہا ہے ۔ وفاقی وزیر نے معاشرے کے تمام مکتب فکر کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدوجہد کی حوصلہ افزائی کے لیے اُن سے اس موقع پر تاریخی یکجہتی کا اظہار کریں۔

وفاقی وزیر نے تمام صوبائی حکومتوںا ور ادارو ں کی جانب سے 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منانے کے حوالے سے کوششوں کی تعریف کی اور اس اُمید کا اظہار کیا کہ وہ یوم یکجہتی کشمیر کو بھرپور انداز سے کامیاب کرنے کے لیے اپنے فرائض سے بڑھ کر اور جانفشانی سے کام کریں گے۔ انہوںنے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کو سوشل میڈیاپر اُجاگر کرکے اس ضمن میں بڑا کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔

وفاقی وزیرنے مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے میں پرنٹ او رالیکڑونک میڈیا کے کردار کی بھی تعریف کی اور اس امر کا اظہار کیا کہ وہ ہمیشہ اس اہم قومی ایشو کو اُجاگر کرنے کے لیے نت نئے پروگرامزکے ساتھ آگے آئیں گے۔اس سے قبل چاروں صوبائی حکومتوں ،آزادکشمیر ، گلگت بلتستان اور تمام اداروں کے حکام نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تیاریوں سے متعلق وفاقی وزیر کو آگاہ کیا اس موقع پر وفاقی وزیر نے تمام حکام کو ہدایات جاری کیں کہ وہ تیاریوں کے سلسلے میں رہ جانے والے خلا کو جلد از جلد پرُ کریں اور اس امر کا بھی اظہار کیا کہ تمام طے شدہ تیاریوں کو عملی طور پر نافذ کیا جائے گا تاکہ پورے پاکستان اور دُنیا سے یکجہتی سے بھرپور پیغام ایل او سی کے اُس پار کشمیری بہنوں بھائیوں تک پہنچ سکے۔