Live Updates

جے آئی ٹی رپورٹ آنے کے بعد سانحہ ساہیوال کے مجرموں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی‘سانحہ ساہیوال کی وجہ سے وائس آف پنجاب کو موخر کر دیا گیا‘آئندہ تاریخ کا باضابطہ اعلان رواںماہ کے آخر میںکیا جائے گا‘ فیاض الحسن چوہان

منگل 22 جنوری 2019 19:00

لاہور۔22 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) صوبائی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ سانحہ ساہیوال نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ہم غم اور سوگ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان او ر وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارکی قیادت میں ہم خلیل کے بچوں سے یہ عہد کرتے ہیں کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ آنے کے بعد مجرموں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے منگل کو الحمراء میں وائس آف پنجاب کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میںا یگزیکٹو ڈائریکٹرا لحمراء ا طہر علی خان سمیت سمن رائے، عامر عقیق، ترنم ناز اور حامد علی خان نے شرکت کی۔ صوبائی وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پی ٹی آئی انصاف کی علمبردار جماعت ہے۔

(جاری ہے)

ہم سابق حکومت کی طرح جے آئی ٹی رپورٹ کو صرف دفتری ریکارڈ کی زینت نہیں بنائیں گے بلکہ نامزد ملزمان کو ایسی سزا دیں گے جس کے بعد کوئی پولیس اہلکار وردی کی آڑ لے کر کسی کی جان و مال اور آبرو سے نہ کھیل سکے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گلوکاری کا شوق رکھنے والوں کے لیے وائس آف پنجاب کے نام سے نیا ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کیا جارہا ہے۔ اس پروگرام کا آغاز اگرچہ ہم نے سولہ فروری سے کرنا تھا مگر سانحہ ساہیوال کے سوگ میں ہم نے اس پروگرام کا فوری انعقاد ملتوی کر دیا ہے۔ اب تاریخ کا باقاعدہ اعلان رواں ماہ کے آخر میںکیا جائے گا۔ جسکے بعد نا صرف پنجاب بلکہ پاکستان کے تمام علاقوں سے ایسے باصلاحیت اور سُریلی آواز رکھنے والے سنگرز کو منظرعام پر لایا جائے گا جو مواقع نہ ملنے کی وجہ سے گمنامی کا شکار ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ میں اکثر واٹس ایپ اور سوشل میڈیا پہ گمنام سنگرز کی سریلی آوازیں سنتاہوںجنہیں گانے والے بلاشبہ زبردست اور باصلاحیت فنکار ہونگے مگر مواقع نہ ملنے کی وجہ سے انکی آواز دنیا تک نہیں پہنچتی تھی۔ اسی وجہ سے ایک ایسا پروگرام شروع کیا جارہا ہے جس کے باعث اب اس طرح کا ٹیلنٹ ضائع نہیں ہوگا بلکہ ایسے باصلاحیت فنکار وں اور گلوکاروں کو اپنے آپ کو منوانے کا ایک موقع ملے گا ۔

صحیح معنوں میں یہ پروگرام وہ جوہری ثابت ہوگا جو اصل ہیرے کو سامنے لائے گا۔ فیاض الحسن چوہان کاکہنا تھا کہ پنجاب کے تمام ریجنز سے سنگرز کو مقابلے میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کئے جائیں گے اور سب کو مساوی نمائندگی دی جائے گی۔ صوبائی وزیرکا کہناتھا کہ فروری سے پنجاب کی بہترین آواز کی تلاش شروع ہو گی ۔ابتدائی آڈیشنز سے گرینڈ فینالے تک تمام تر مراحل میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے گا۔

وائس آف پنجاب میں معاشرے کے ہر طبقے کو بلا امتیاز مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ اس سلسلے میں کسی کے ساتھ بھی تعصب نہیں برتا جائے گا۔ پہلے نمبر پر آنے والے سنگر کو پانچ لاکھ روپے جبکہ دوسری اور تیسری پوزیشن پر تین اور ڈیڑھ لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔یہی نہیں بلکہ ہر سینٹر سے منتخب کئے گئے مجوعی طور پر بیس شرکاء میں سے باقی 17 کو فی کس 50 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔

انھوں نے مزید کہا کہ گرینڈ فینالے یعنی حتمی اور آخری سٹیج کا انعقاد لاہور میں ہوگا۔پنجاب کو چار ریجنز میں تقسیم کیا جائے گا۔پنجاب کے ہر ریجن سی100 اُمیدوار شارٹ لسٹ کیے جائیں گے۔ ان 100 اُمیدواروں میں سی20امیدوار منتخب ہوں گے۔ہر ریجن میں3دن کے لیے آڈیشن کیے جائیں گے‘اس کے بعدہر ریجن سے پانچ پانچ امیدوار گرینڈ فینالے کیلئے منتخب کئے جائیں گے ‘کل 20اُمیدوار گرینڈ فینالے میں حصہ لے سکیں گے۔ان 20 شرکاء کی گرومنگ کرنے اور ان کو تربیت دینے والے تین موسیقاروں اور تربیت کاروں کو بھی معاوضہ ادا کیاجائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات