پشاور، صوبے میں شجر کاری کے حوالے سے وزیر بلدیات اور وزیر جنگلات کی سربراہی میں اجلاس کا انعقاد

منگل 22 جنوری 2019 19:00

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) کلین اینڈ گرین موومنٹ پر بھر پور طریقے سے کام کرتے ہوئے پشاور سمیت پورے خیبر پختونخوا کو صاف اور سر سبز بنائیں گے پشاور کی بیوٹیفکیشن اینڈ اپ لفٹ ہماری اولین ترجیح ہے اور رواں سال صوبے میں بڑے پیمانے پر شجرکاری کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے منگل کے روز خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی نے پشاور سمیت پورے صوبے میں شجر کاری کے حوالے سے وزیر ماحولیات و جنگلات اشتیاق ارمڑ کے ہمراہ ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں سیکرٹری بلدیات ظاہر شاہ، سیکرٹری ماحولیات، سیکرٹری محکمہ آب پاشی، سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ، ڈائریکٹر ہارٹیکلچر پی ڈی اے اور دیگر حکام موجود تھے۔

(جاری ہے)

محکمہ ماحولیات و جنگلات کے حکام نے شہر میں شجرکاری اور موجود پودوں اور درختوں کے حوالے سے اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ شہر سے گزرنے والی پانچ نہریں اللہ کی خاص نعمت ہیں ہمیں ان سے فائدہ اٹھاتے ہوئے شہر کو مزید خوبصورت اور سرسبز بنا سکتے ہیں۔

انہوں نے اجلاس میں موجود تمام محکموں کے حکام کو ہدایت کی کہ پانچوں نہروں کے اطراف ترجیحی بنیادوں پر شجر کاری کے لیے منصوبہ بندی کی جائے جبکہ چھوٹے پودوں کی جگہ بڑے، قدآور درخت لگائے جائیں جو کہ سدا بہار بھی ہوں۔ صوبائی وزیر بلدیات نے محکمہ آب پاشی کو ہدایت کی کہ نہروں کی بل صفائی کے دوران اطراف میں موجود درختوں اور پودوں کو نقصان نہ پہنچایا جائے۔

شہرام خان ترکئی نے اس بات پر دکھ کا اظہار کیا کہ نہ صرف گھروں بلکہ ہسپتالوں کا فضلہ بھی ان نہروں میں پھینکا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکموں جن میں ماحولیات، آب پاشی، پی ڈی اے اور ٹی ایم ایز شامل ہیں کے ساتھ مل کر مشترکہ حکمت عملی کے تحت پشاور کو صاف اور سرسبز بنائیں گے اور اس کی خوبصورتی بحال کریں گے۔ وزیر بلدیات نے پی ڈ ی اے کو ہدایت کی کہ نہروں کے ارد گرد شہریوں کی تفریحی کی سہولیات فراہم کی جائیں جبکہ جہاں خالی جگہ موجود ہو اسے پارک میں بدل دیا جائے۔

اس سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہو گا بلکہ شہریوں کو تفریح کے مواقع میسر آئیں گے۔اس موقع پر صوبائی وزیر ماحولیات و جنگلات اشتیاق اڑمڑ نے کہا کہ پودے اور درخت فراہم کرنے کے لئے ان کا محکمہ تمام تر اقدامات کرے گا جبکہ پشاور میں شجرکاری کے لئے زیادہ پودے مہیا کیے جائیں۔ اجلاس میں پی ڈی اے کو ہدایت کی گئی وہ پشاور کے لئے درکار پودوں اور درختوں کی اقسام اور شجرکاری کا پلان تیار کر کے آئندہ اجلاس میں پیش کرے۔

متعلقہ عنوان :