ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹراسفند یار شہید ہسپتال کو مثالی بناؤں گا ،چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر سہیل اعجاز

منگل 22 جنوری 2019 19:30

اٹک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر سہیل اعجاز اعوان نے کہا ہے کہ ڈاکٹر کی پہلی ترجیح ہسپتال میں آنے والے مریضوں کے ساتھ ہمدردانہ اور خوش اخلاقی سے پیش آنا ہے میں پُر عزم ہوں کہ صحت سے متعلق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹراسفند یار شہید ہسپتال کو مثالی ہسپتال بنا دوں ان خیالات کا اظہار ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر سہیل اعجاز نے بحیثیت سی ای او اٹک چارج سنبھالنے کے پہلے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر دیگر ڈاکٹرز بھی موجود تھے ڈاکٹر سہیل اعجاز نے کہا کہ مریضوں کی تسلی دوائیوں اور رویوں کے ساتھ منسلک ہوتی ہے میری یہ کوشش ہو گی کہ ہسپتال کی کارکردگی کو اتنا بہتر بنایا جائے تا کہ مریض پرائیویٹ ہسپتالوں کی طرف رخ نہ کریں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کی حاضری کو100فیصد یقینی بنایا جائے گا اور دوران ڈیوٹی کوئی بھی ڈاکٹر اپنے پرائیویٹ کلینک جا کر نہیں بیٹھ سکتا اگرایسا ہوا تو وہ دن ڈاکٹر کا ہسپتال میں آخری دن ہو گا انہوں نے بتایا کہ میں بحیثیت میڈیکل سپرینٹینڈنٹ (ایم ایس)2015میں اٹک میں اپنی ڈیوٹی سر انجام دے چکا ہوں اور مجھے امید ہے کہ ہسپتال کے ڈاکٹرز اور دیگر عملہ میرے ساتھ بھر پور تعاون کرے گا ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اٹک سے تعلق رکھنے والے بنیادی صحت مرکز کی تعمیراتی حالت کو بہتر سے بہتر بنایا جائے گا طبی سہولیات کی فراہمی کو حکومت پنجاب بہتر سے بہتر کرنے میں کوشاں ہے انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ موجودہ حکومت پنجاب ڈاکٹرز اور سپیشلسٹ کے کمی کو جلد پورا کر دے گی۔