لاہور، کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو بزنس کا چھٹا اجلاس

محکمہ بہود آبادی کے عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کی منظوری

منگل 22 جنوری 2019 19:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2019ء) کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو بزنس کا چھٹا اجلاس سول سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس کی صدارت صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور پنجاب محمد بشارت راجہ نے کی جبکہ اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوا ناں محمد تیمور خان صوبائی وزیر ایکسائز ٹیکسیشن و نارکاٹکس کنٹرول ممتاز احمد اور مختلف محکموں کے سیکرٹری صاحبان بھی موجود تھے ۔

اجلاس میں کمیٹی کے سابقہ اجلاس منعقدہ 2جنوری 2019 کی کارروائی کی منظوری دی گئی جبکہ باقی ایجنڈا میں آٹھ صوبائی محکموں کی جانب سے آئنی ترامیم و تجاویز پیش کی گئیں ۔ اجلاس میں محکمہ بہود آبادی کے عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کی منظوری دی گئی ۔ محکمہ زکواة و عشر کی صوبائی زکواة کونسل میں سیکرٹری صحت ’ سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن اور سیکرٹری صنعت و تجارت کو بطور رکن شامل کرنے کی منظوری دی گئی نیز خواتین کی نمائندگی کے کوٹہ کو پورا کرنے کے لئے صوبائی زکواة کونسل میں دو جبکہ ضلعی زکواة کونسل میں مزید ایک خاتون رکن شامل کرنے کے منظوری دی گئی ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری زکواة نے بتایا کہ 2015 میںمستحقین کو زکواة کی رقم چیک کی بجائے ایزی پیسہ کے ذریعے منتقل کرنے کی ترمیم کی منظوری دی گئی ۔ اس کے علاوہ محکمہ زکواة کی دیگر اہم ترامیم کی منظوری بھی دی گئی ۔ سیکرٹری محنت کی تجویز پر پروونشل ایمپلائیز سوشل سیکورٹی آرڈیننس 1965 میں محنت کش ملازم کی قانونی تعریف کے حوالے سے پیش کردہ ترامیم کی منظوری دی گئی ۔ اجلاس میں یونیورسٹیوں کے اندر وائس چانسلر کے عہدہ پر تقرری کے لئے طریقہ کار تعلیمی قابلیت اور تجربہ کے حوالے سے پیش کردہ ترامیم کی بھی منظوری دی گئی ۔باقی محکموں کی آئینی تجاویز کو آئندہ اجلاس میں زیر غور لانے کے لئے ملتوی کر دیا گیا ۔