سپریم کورٹ ، سماجی کارکن پروین رحمان قتل کیس کی سماعت دوہفتوں کیلئے ملتوی

منگل 22 جنوری 2019 19:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) سپریم کورٹ نے کرا چی میں معروف سماجی کارکن پروین رحمان قتل کیس کی سماعت دوہفتوں کیلئے ملتوی کرتے ہوئے مرحومہ کے ورثاء اور ڈائریکٹر اورنگی پروجیکٹ کو ٹیلیفون پردھمکیاں ملنے کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومت دھمکی آمیزفون کالز کرنے والوں کا پتہ چلاکرعدالت کورپورٹ پیش کریں ، منگل کوجسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، اس موقع پرمقتولہ پروین رحمان کی ہمیشیرہ نے عدالت میں پیش ہوکربتایا کہ ہمارے خاندان اور ڈائریکٹر اورنگی پروجیکٹ انور ارشد کو نا معلوم دھمکی آمیز کالز مل رہی ہیں ، جس پرجسٹس شیخ عظمت سعید نے کہاکہ جوکچھ عدالت کوبتایا جارہا ہے اس سیف لگتا ہے دھمکیوں کے لئے غیر ملکی فون استعمال کیا جاتاہے اورہو سکتا ہے کہ کالز کرنے والا پاکستانی ہو جس کاپتہ لگایا جائے، سماعت کے دورا ن ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ نے پیش ہوکرعدالت کوبتایاکہ کابینہ نے اس معاملہ کے تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی کی منظوری دیدی ہے جس کانوٹیفکیشن آئندہ چند روز میں جاری کر دیا جائے گا، جس پرعدالت نے مزید سماعت ملتوی کردی۔