جدید تقاضوں کے مطابق ٹیکسٹائل اور صنعت کے فروغ کیلئے نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی اہم کردار ادا کر رہی ہے ،ڈپٹی کمشنر

منگل 22 جنوری 2019 20:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) :ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر نے کہا ہے کہ جدید تقاضوں کے مطابق ٹیکسٹائل صنعت کے فروغ کے لئے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے حوالے سے نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے جس سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے ۔انہوں نے یہ بات نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی شیخوپورہ روڈ کے دورہ کے دوران مختلف تدریسی وتحقیقی شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔

ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر تنویر حسین نے ڈپٹی کمشنر کو یونیورسٹی میں ٹیکسٹائل ٹیکنالوجی کے حوالے سے دستیاب فیکلٹیز اور تدریسی وتحقیقی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی ۔اس موقع پر رجسٹرار یونیورسٹی سلمان سیف،اسسٹنٹ کمشنر(سٹی) شمائلہ منظور و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ٹیکسٹائل کی صنعت اور موضوعات کی تیاری و برآمدات کے سلسلے میں فیصل آباد کو کلیدی مقام حاصل ہے اس ضمن میں موجودہ ٹیکسٹائل صنعتوں اوریونیورسٹی میں روابط کو مزید پروان چڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ ترقی و تحقیق کے ثمرات سے فائدہ اٹھا کر برآمدات میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کیا جاسکے۔

انہوںنے کہا کہ فیشن ڈیزائننگ اور ٹیکسٹائل کی دیگر مصنوعات کو عالمی سطح پر مقبول بنانے کے لئے بزنس ماڈلز تیار کرنے کی ضرورت ہے جس کی بدولت نہ صرف کثیر زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے بلکہ مقامی ٹیکسٹائل انڈسٹری کی ترقی اور روزگار کے وسیع مواقع حاصل ہوں گے ۔ڈپٹی کمشنر نے یونیورسٹی کے ویونگ،سپننگ،پراسیسنگ،کمپیوٹرائز ٹیکسٹائل ڈیزائننگ،فائبر ٹیکنالوجی،ٹیکسٹائل لیبارٹری اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا اور کہا کہ فیصل آباد کے ماسٹر پلان کی تیاری میں یونیورسٹی انتظامیہ کی معلومات و تجاویز کا بھی خیر مقدم کیا جائے گا تاکہ ٹیکسٹائل کی صنعت کے محل وقوع اور انفراسٹریکچر کی دستیابی کے علاوہ صنعتوں کا یونیورسٹی سے رابطہ مضبوط ہو۔

انہوںنے نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی کی انتظامیہ کویقین دلایا کہ ان کے تحقیقی و تدریسی وسائل میں وسعت کے لئے نئے کیمپس کے قیام اور مقامی سطح پر انہیںدرپیش انتظامی مسائل کو حل کرنے کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ بھرپور تعاون کرے گی۔قبل ازیں ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر تنویر حسین نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ٹیکسٹائل انسٹیٹیوٹ سے ترقی کرکے اس ادارہ نے یونیورسٹی کا درجہ حاصل کیا ہے جس میں ٹیکسٹائل کی صنعتوں کے مختلف شعبوں میں اعلی معیار کی تدریسی وتحقیقی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت ٹیکسٹائل ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں 3ہزار سے زائد طالب علم زیر تعلیم ہیں جبکہ اس یونیورسٹی کے گریجوایٹس ہر ملکی صنعت میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔انہوںنے ضلعی انتظامیہ کو ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے حوالے سے خدمات کی پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکسٹائل میں ویلیو ایڈڈ موضوعات تیار کرکے ایکسپورٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا جاسکتا ہے اس سلسلے میں پالیسی فریم ورک اور ترجیحات کا تعین کرنے کی ضروت ہے۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر نے یونیورسٹی کے احاطہ میں پودابھی لگایااور کہا کہ ماحول کو خوشگوار،خوشنما اور سرسبز وشاداب رکھنے کے لئے زیادہ سے زیادہ پودے اور پھول اگائے جائیں۔