کلین اینڈ گرین مہم کے سلسلہ میں محکمہ زراعت نے ڈویژن فیصل آباد میں ایک لاکھ 28ہزار سے زائد پودے لگائے،ڈائریکٹر زراعت

منگل 22 جنوری 2019 20:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) :محکمہ زراعت نے ڈویژن بھر میں کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام پر عملدرآمد کرتے ہوئے دستیاب اراضی پر مختلف اقسام کے ایک لاکھ 28ہزار سے زائد پودے لگائے جبکہ کسانوں کو بھی شجرکاری مہم میں شامل رکھ کر دیہاتوں کی سطح پر سفیدا،کیکر،سنبل اور دیگر انواع کے پودے لگوائے گئے۔یہ بات ڈائریکٹر زراعت چوہدری عبدالحمید نے ڈویژنل زرعی مشاورتی کمیٹی کے اجلاس کے دوران بتائی جو ایڈیشنل کمشنر(ریونیو)رائے واجد علی کی زیر صدارت کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ ڈاکٹر عامر رسول،اسسٹنٹ ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر عبدالماجد اور محکمہ زراعت،جنگلات ودیگر متعلقہ محکموں کے افسران کے علاوہ کاشتکاروں کے نمائندے چوہدری نذیر احمد،میاں ریحان الحق بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر زراعت نے بتایا کہ کلین این گرین پنجاب مہم کے سلسلے میں محکمہ زراعت کے دفاتر میں 10ہزار 428جبکہ دیہی علاقوں میں کسانوں کی مدد سے ایک لاکھ 17ہزار595پودے لگائے گئے ہیں جن کی دیکھ بھال کے لئے بھی مناسب اقدامات جاری ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گنے کے کرشنگ سیزن کی بھرپورمانیٹرنگ جاری ہے اس ضمن میں کم وزن کی شکایت پر 57،افراد کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے ہیں جبکہ یوریا سمیت دیگر کھادیں مقررہ سے زائد قیمت پر فروخت کرنے والے 20،افراد کے خلاف مقدمات درج اور بھاری جرمانے بھی کئے گئے۔انہوں نے بتایا کہ کسان کارڈ کے اجراء کے لئے چاروں اضلاع میں 3لاکھ 93ہزار904کا شتکار پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈکے پاس رجسٹرڈ ہوچکے ہیں اسی طرح بلاسود قرضہ جات کی فراہمی کے لئے ڈویژن بھر میں 63ہزار 986کاشتکاروں کی رجسٹریشن کی جاچکی ہے جن میں سے 40ہزار سے زائد کسانوں نے فصل ربیع اور خریف کے لئے قرضہ جات حاصل کرلئے ہیں جکہ دیگر کے کیسز پراسس میں ہیں۔

انہوں نے کاشتکاروں کے لئے تربیتی پروگرامز،ٹیوب ویلز سے پانی کے سیمپلز اکٹھے کرنے،فصلوں کی تازہ ترین صورتحال اور دیگر اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ایڈیشنل کمشنر(ریونیو)نے کہا کہ ڈویژن کے چاروں اضلاع میں کاشتکاروں کی فلاح وبہبود میں اضافہ کیلئے حکومت پنجاب کے اقدامات پر عملدرآمد میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اس ضمن میں کسانوں کی تجاویز کو بھی مقدم رکھیں۔انہوں نے کرشنگ سیزن کے اختتام تک مانیٹرنگ جاری رکھنے کی بھی تاکید کی۔